کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیوکے پروگرام ’’کیپٹل ٹاک‘‘ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع ،خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ بلوچستان کی دہشت گردی میں بھارت ملوث ہے۔ دہشت گردی کی ذریعے ہمیں کمزور کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ہم پوری قوت کے ساتھ اس کا جواب دیں گے،اکبر بگٹی کی شہادت کے بعد بلوچستان میں حالات کافی بگڑے،بلوچستان کے لوگ ترقی کے سفر میں پیچھے رہ گئے اس میں دوسرے صوبوں کا کوئی قصور نہیں۔ بلوچ عوام کو اپنے لیڈروں سے سوال پوچھنا چاہئے وہاں پر پنجابی حکمرانی نہیں کررہا،رہنما تحریک انصاف، سابق اسپیکر قومی اسمبلی، اسد قیصرنے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت امن و امان کی جو صورتحال ہے حکومت مکمل طور پر ناکام ہوگئی ہے۔بلوچستان میں مختلف مقامات پر28 دھماکے ہوئے ہیں۔یہ بہت قابل مذمت واقعات ہیں۔ادارے کدھر ہیں ان کی ذمہ داری ہے کہ ایسے واقعات کی روک تھام کریں۔ اداروں نے اپنا کام چھوڑ دیا ہے وہ سیاسی معاملات میں مصروف ہیں۔ جب تک اس ملک میں آئین و قانون کی بالادستی نہیں ہوگی، ادار ے آئین کے تحت کام نہیں کریں گے، نہ اس ملک میں امن آئے گا، نہ معاشی خوشحالی آئے گی اور نہ اس ملک میں ترقی ہوگی ،مولانا فضل الرحمٰن نے پارلیمنٹ کے اندرمشترکہ اپوزیشن بنانے پر اتفاق کرلیا ہے۔