اسلام آباد(نمائندہ جنگ) آئی ایم ایف نے ابھی تک پاکستان کو ان ممالک کی فہرست میں شامل نہیں کیا جن کے لیے اس کے ایگزیکٹو بورڈ کی جانب سے 4 ستمبر 2024 تک قرض کی منظوری یا دیگر ممالک کے لیے آرٹیکل IV مشاورت پر غور کیا جانا ہے۔آئی ایم ایف کے جاری کردہ کیلنڈر (ایجنڈے ) کے مطابق، فنڈ کا ایگزیکٹو بورڈ 30 اگست 2024 کو ویتنام کے ساتھ 2024 کی آرٹیکل IV مشاورت پر غور کرنے کے لیے مقرر ہے اور 4 ستمبر 2024 کو ٹوگو کے ساتھ آرٹیکل IV مشاورت پر غور کیا جائے گا۔ اس کیلنڈر میں پاکستان کا کوئی ذکر نہیں ہے۔پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان 12 جولائی 2024 کو 37 ماہ کی ایکسٹینڈڈ فنڈ فیسلیٹی (EFF) کے تحت 7 بلین ڈالر کے معاہدے پر عمل درآمد ہوا تھا، جس میں یہ شرط رکھی گئی تھی کہ بورڈ کی منظوری ملک کی بیرونی مالیاتی ضروریات کی تکمیل سے مشروط ہو گی۔