کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ قومی ٹیم کی پہلے ٹیسٹ میں شکست کے بعد ناراض شائقین کو اسٹیڈیم میں لانے کیلئے بے چین ہے۔ بورڈ نے بنگلہ دیش اور پاکستان کے درمیان 30 اگست سے 3 ستمبر تک راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں ہونے والے دوسرے ٹیسٹ میچ میں طلباء کیلئے مفت داخلے کا اعلان کیا ہے۔ اس سے قبل پہلے ٹیسٹ کے ابتدائی دو دن تماشائیوں سے داخلہ مفت تھا لیکن تماشائیوں نے کم تعداد میں گراؤنڈ کا رخ کیا تھا۔ منگل کو پی سی بی نے اعلان کیا کہ دوسرے ٹیسٹ میں اسٹیڈیم میں داخلے کیلئے طلبہ کو یونیفارم اور تعلیمی ادارے کا کارڈز ساتھ لانا لازمی ہوگا ۔ وہ کسی بھی وی آئی پی انکلوژرز عمران خان اور جاوید میانداد (سیٹ کی دستیابی سے مشروط) اور پریمیم انکلوژرز- میراں بخش، شعیب اختر، سہیل تنویر اور یاسر عرفات- سے میچ دیکھ سکیں گے۔ پالیسی کا اطلاق پی سی بی گیلری یا پلاٹینم باکس میں نہیں ہوگا۔ یاد رہے کہ بنگلہ دیش کو دو میچوں کی ٹیسٹ سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کی ہے۔ دریں اثنا شائقین دوسرے ٹیسٹ کیلئے ایوی ایشن گراؤنڈ میں واقع فزیکل ٹکٹ بوتھ سے، ریسکیو 1122، راول روڈ کے سامنے اور کورئیر سینٹرز سے بھی خرید سکتے ہیں۔ ادھر پاکستانی ٹیم نے پنڈی ٹیسٹ میں دس وکٹوں کی شکست کے بعد مسلسل دوسرے دن آرام کیا۔ منگل کو بارش کی وجہ سے اسلام آباد کلب میں ہونے والا پریکٹس سیشن منسوخ کردیا گیا۔ بدھ کو پاکستانی ٹیم پنڈی اسٹیڈیم میں پریکٹس کرے گی۔ دریں اثنا چیمپئنز ون ڈے کپ کیلئے 150 کھلاڑیوں کی ابتدائی فہرست تیار کرلی گئی جس میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کے بھی نام موجود ہیں ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ حتمی اسکواڈز میں شمولیت فٹنس ٹیسٹ سے مشروط کردی گئی ہے، سلیکٹرز فٹنس ٹیسٹ مکمل ہونے کے بعد اسکواڈز کو حتمی شکل دیں گے، ٹیموں کا اعلان آئندہ چند دنوں میں کردیا جائے گا۔