کراچی(اسٹاف رپورٹر) قومی ہاکی ٹیم ایشین چیمپئنز ٹرافی میں شرکت کے لئے چین پہنچ گئی، پی ایچ ایف کے صدر طارق بگٹی نے کہا ہے کہ ادھار کے پیسوں پر ٹیم کو چین بھیجا ہے، ٹریول ایجنسی کو بعد میں رقم دیں گے، عدم توجہی اور ذاتی مفادات نے اس قومی کھیل کا حلیہ بگاڑ کر رکھ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ متوازی فیڈریشن بنانے والوں کیخلاف سخت ایکشن لینے کے لئے کانگریس نے منظوری دیدی ، وہ پی ایچ ایف کی رٹ قائم کرنے کے لیے اگلے ہفتے کراچی جائیں گے۔طارق بگٹی نے کہا کہ ایدھی ہاکی اسٹیڈیم کا چارج واپس لے کر فیڈریشن کی رٹ قائم کروں گا۔ اسٹیڈیم کا چارج لینے کے لیے آئی جی سندھ کو خط لکھ رہے ہیں۔