• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مینجمنٹ کیڈر پوسٹوں پر ٹیچر زکی تقرریوں کیخلاف رٹ،سیکرٹری آج عدالت طلب

پشاور (نیوز رپورٹر) پشاور ہائیکورٹ نے محکمہ تعلیم کے منیجمنٹ کیڈر کی پوسٹوں پر ٹیچنگ کیڈرز کی تقرریاں کرنے کے خلاف دائر رٹ پر سیکرٹری ایلمینٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کو آج عدالت طلب کرلیا۔ جسٹس اعجاز انور اور جسٹس ڈاکٹر خورشید اقبال پر مشتمل بنچ نے منصور جعفر کی رٹ کی سماعت کی۔ عدالت میں درخواست گزاروں کے وکیل خالد رحمان، محکمہ تعلیم سے سیکشن آفیسر جبکہ ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل عدالت میں پیش ہوئے اس موقع پر درخواست گزاروں کے وکیل خالد رحمان ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ ان کے موکل گریڈ16، 17، 18 اور 19 کے مینجمنٹ کیڈر کے افسران ہیں جو کہ محکمہ تعلیم میں باقاعدہ طور پر منیجمنٹ کیڈر کے علیحدگی کے بعد ان پوسٹوں پر تعینات ہیں ا۔ انہوں نے عدالت کو بتایاکہ 2009 کے اس پالیسی کے بعد ہائیکورٹ اور پھر سپریم کورٹ میں مختلف رٹ درخواستیں دائر ہوئیں جس کو مسترد کر دیا گیا ۔ انہوں نے عدالت کوبتایا کہ محکمہ تعلیم میں مختلف کیڈرز کی اس وقت منیجمنٹ کیڈر کی 466 جبکہ ٹیچنگ کیڈر کی 501 پوسٹیں ہیں اسی طرح 109 پوسٹوں کو خالی چھوڑا گیا ہے مگر صوبائی حکومت اور محکمہ تعلیم کے حکام آئے روز من پسند افراد کو تعینات کررہے ہیں اور ٹیچنگ کیڈر کو اہم عہدوں پر لا رہے ہیں جو کہ ایجوکیشن پالیسی کے اصولوں کی خلاف روزی ہے فاضل بنچ نے منیجمنٹ کیڈر کی پوسٹوں پر ٹیچنگ کیڈرز کی تقرریاں کرنے پر سیکرٹری کو آج عدالت طلب کر لیا۔
پشاور سے مزید