راولپنڈی (خصوصی نمائندہ ) نواسہ رسول حضرت امام حسینؓ اور اُنکے72جانثاروں کا چہلم ملک بھر میں عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔ راولپنڈی میں چہلم کے جلوس امام بارگاہ عاشق حسین تیلی محلہ، امام بارگاہ حفاظت علی شاہ،ا مام بارگاہ کرنل مقبول حسین سے بر آمد ہوئے جن میں ہزاروں عزاداروں نے شرکت کی ۔جلوس کی قیادت تحریک نفاذ فقہ جعفریہ پاکستان کے سربراہ علامہ آغاسید حسین مقدسی نے کی۔ اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں اور عزاداروں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان اندرونی و بیرونی حملوں میں گھر چکا ہے شورشوں اور سازشوں کو مٹانے کیلئے راہ حسینیت اختیار کرنا ہوگی۔ موسی خیل قلات لسبیلہ رحیم یار خان، کالاباغ سمیت افواج پاکستان اور پولیس پر حملے کرنے والوں کے ڈانڈے ازلی دشمن بھارت سے ملتے ہیں ملک بچانا ہے تو مذہبی و سیاسی جماعتوں کی بیرونی امداد روکنا ہوگی۔ حکمران تمام مسالک اور صوبوں کو حقوق کی فراہمی یقینی بنائیں۔ جلوس نے فوارہ چوک پہنچ کر مجلس کی شکل اختیار کرلی جہاں عزاداروں سے خطاب کرتے ہوئے ٹی این ایف جے کے سیکرٹری اطلا عات علامہ قمر زیدی نے امام عالی مقام کی انمول قربانی پرروشنی ڈالی ۔مرکزی جلوس قدیمی امامبارگاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوا۔