اسلام آباد، پنڈ دادنخان (اپنے نامہ نگار سے، نمائندہ جنگ،نیوز ایجنسیز) ملک بھر میں شدید بارشیں، ملتان میں 48 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا، آج رات سے 31اگست تک موسلا دھار بارشوں سے سندھ، بلوچستان اور جنوبی پنجاب کے نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خطرہ ہے ۔ ترجمان واسا ملتان کے مطابق اس سے قبل 134.5 ملی میٹر بارش 1976 میں ریکارڈ کی گئی تھی ملتان میں شدید بارش کے باعث شہر کے مختلف علاقوں پانی جمع ہوگیا اور معمولات زندگی شدید متاثر ہوئے ۔محکمہ موسمیات نے منگل کی رات سے 31 اگست کے دوران شدید وموسلادھار بارشوں کے باعث سندھ، بلوچستان اورجنوبی پنجاب کے نشیبی علاقے زیرآب آنے اور ڈیرہ غازی خان کے پہاڑی ندی نالوں ، کراچی، حیدر آباد، دادو، قلات، خضدار،جعفر آباد، سبی، نصیر آباد، بارکھان، لورالائی ، آواران، پنجگور، واشک، مستونگ اورلسبیلہ کے مقامی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ظاہر کیا ہے اس دوران جنوبی علاقوں میں طوفانی بارشیں متوقع ہیں اس حوالے سے تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے ،