کراچی (نیوز ڈیسک) بھارت میں مسابقتی کمیشن (سی سی آئی) نے ریلائنس اور والٹ ڈزنی کمپنی کے انضمام کی منظوری دے دی ہے، دونوں کمپنیوں کے درمیان یہ معاہدہ 70 ہزار بھارتی کروڑ روپے یعنی 8.5 ارب ڈالر( 23 کھرب 68 ارب 31 کروڑ پاکستانی روپے )سے زائد میں ہوا ہے۔ اس سے قبل سی سی آئی نے ان خدشات کا اظہار کیا تھا کہ نیا انضمام شدہ ادارہ ہندوستان میں کرکٹ اور ٹی وی کی نشریات کے زیادہ تر حقوق کو کنٹرول کرے گا، جس سے مشتہرین کو نقصان پہنچے گا۔ یہ انضمام ریلائنس انڈسٹریز لمیٹیڈ، ویکوم 18 میڈیا پرائیوٹ لمیٹیڈ (ویکوم 18) اور ڈیجیٹل 18 میڈیا لمیٹڈ کا دی والٹ ڈزنی کمپنی کے اسٹار انڈیا پرائیوٹ لمیٹڈ اور اسٹار ٹیلی ویژن لمیٹیڈ کے درمیان ہوگا۔ اس طرح یہ 120 ٹی وی چینلز اور دو اسٹریمنگ سروسز کے ساتھ ہندوستان کی سب سے بڑی تفریحی کمپنی بنائے گی۔مشترکہ ادارے میں ریلائنس اور اس کی ذیلی کمپنیوں کی حصہ داری 63.16 فیصد ہوگی۔ دوسری طرف ڈزنی باقی کے پاس 36.84 فیصد حصہ داری رہے گی ۔ ریلائنس نے اپنے OTT کاروبار کو بڑھانے کے لئے مشترکہ منصوبے میں تقریباً 11,500 کروڑ بھارتی روپے کی سرمایہ کاری کرنے پر بھی اتفاق کیا ہے۔ ریلائنس انڈسٹریز کے چیئرمین مکیش امبانی کی اہلیہ نیتا امبانی مشترکہ کمپنی کی چیئرپرسن ہوں گی جبکہ ادے شنکر وائس چیئرپرسن ہوں گے۔