راولپنڈی(اپنے رپورٹرسے، خبر نگار خصوصی) راولپنڈی اور کینٹ بورڈ نے نالہ لئی پر تجاوزات کے خاتمے کے مشترکہ کمیٹی تشکیل دے دی۔ دونوں انتظامیہ نے اتفاق کیا کہ دائرہ اختیار کی بحث سے نکل کر مشترکہ کوششوں سے عوام کو ریلیف دیا جا سکتا ہے۔ کمیٹی کی تشکیل کا اعلان گزشتہ روز کمشنر راولپنڈی ڈویژن انجینئر عامر خٹک نے سٹیشن کمانڈر بریگیڈیئر احمد نواز کے ہمراہ انسداد تجاوزات و صفائی کے حوالے سے منعقدہ اجلاس میں کیا ۔ اجلاس میں متعلقہ افسران نے شرکت کی۔کمشنر نے کہا کہ تجاوزات کے خاتمے کے ساتھ ساتھ نالہ لئی کی ڈی سلٹنگ کا کام بھی بروقت کیا جائے ۔ سٹیشن کمانڈر احمد نواز نے کہا کہ کینٹ بورڈز اور راولپنڈی انتظامیہ کی آپس میں بہترین کوآرڈی نیشن یقینی بنائی جائے تاکہ کسی بھی مسئلہ کی نشاندہی پر اسکا فوری حل نکالا جاسکے۔