کراچی( اسٹاف رپورٹر) قومی ہاکی ٹیم کے تین کھلاڑیوں کے سیاسی پناہ کا معاملہ پرسرار ہوگیا ہے۔ پی ایچ ایف سیکرٹری رانا مجاہد نے کہا ہے کہ سیاسی پناہ لینے کے ثبوت حاصل کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ ثبوت ملتے ہی میڈیا کے سامنے لائیں گے۔ پابندی غلط بیانی پر لگائی گئی ہے۔ کھلاڑیوں نے این او سی لیا نہ یورپ جانے کے بارے میں آگاہ کیا ۔ تاہم مذکورہ کھلاڑیوں کے ذرائع کا کہنا ہے کہ سیاسی پناہ کی درخواست نہیں دی، پولینڈ میں ہاکی کھیل رہے ہیں۔ واضح رہے کہ رانا مجاہد نے کہا تھا کہ کھلاڑی مرتضٰی یعقوب ، احتشام اسلم، عبدالرحمٰن جونیئر اور ٹیم فزیو ڈاکٹر وقاص نے یورپ میں سیاسی پناہ کی دراخوست دی ہے۔ دوسری جانب متوازی فیڈریشن کے ایک عہدے دار کا کہنا ہے کہ ان کھلاڑیوں نے کراچی میں ہمارے کیمپ میں شرکت کی تھی اس لئے ان کے خلاف منفی پروپیگنڈہ کیا جارہا ہے ۔ ادھر کھلاڑیوں نے اپنے اہل خانہ کے ذریعے کہا ہے کہ ہم نے سیاسی پناہ لی نہ ہی درخواست دی ہے، 5 میچز کھیلنے یورپ گئے ہیں، اس کے بعد اس کلب نے مزید معاہدہ کیا اور کہا کہ عارضی رہائش کارڈ بناکر دیں گے۔ ملازمت نہیں کررہے، لاپتا ہونا ہوتا تو یہ کام پہلے بھی کرسکتے تھے۔ ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی میں عدم دستیابی کیلئے فیڈریشن کو آگاہ کردیا تھا۔ ذرائع کے مطابق کھلاڑی بغیر ڈیلی الاؤنس پاکستان سے کھیلے جن کے پیسے تاحال نہیں ملے۔