کراچی (اعجاز احمد / اسٹاف رپورٹر) کے الیکٹرک اور پاکستان ریلوے کی باہمی چپقلش کے باعث محکمہ ریلوے کو کروڑوں روپے کا نقصان اٹھانا پڑا، سیکڑوں مسافر رل گئے، جو ریلوں میں سفر کی غرض سے اپنی بکنگ کروانا چاہتے تھے، بجلی کے بلز کی عدم ادائیگی پر کے الیکٹرک نےکراچی سٹی اور کینٹ اسٹیشنز کی بجلی کاٹ دی، جو مسلسل 27؍ گھنٹے تک منقطع رہی، جب کہ پاکستان ریلوے نے بھی جوابی کارروائی کرتے ہوئے ریلوے کی زمین پر نصب بجلی کے کھمبوں کے عوض ادائیگی کا مطالبہ کرتے ہوئے کے الیکٹرک کے بعض کھمبوں کے تار کاٹ دئیے، جس سے صورتحال مزید بگڑ گئی اور مسلسل 27؍ گھنٹے تک کراچی سٹی اسٹیشن، کینٹ اسٹیشن ، انجن لوکوشیڈ اور واشنگ لائن وغیرہ پر بجلی کی فراہمی منقطع رہی ، جس کے نتیجے میں مذکورہ اسٹیشنز پر قائم مختلف دفاتر خصوصاً بکنگ آفسز، لوکوشیڈ اور واشنگ لائن پر کام شدید متاثر ہوا، بکنگ آفسز بند ہونے سے ٹرینوں میں بکنگ کروانے کے خواہش مند افراد کو سخت پریشانی کا سامنا رہا اور اس دوران مسافر آن لائن بکنگ کروانے سے بھی قاصر رہے۔ ذرائع کے مطابق کے الیکٹرک نے 2کروڑ روپے سے سےز ائد واجبات کی عدم ادائیگی پر بدھ کو دوپہر 2بجے کراچی سٹی اسٹیشن، کینٹ اسٹیشن اور ریلوے کالونیوں کی بجلی کاٹ دی، جس کے باعث ان اسٹیشنز پر قائم ریلوے کے مختلف دفاتر، لوکو شیڈ، دیگر تیکنیکی شعبوں اور بکنگ آفسز کی کارکردگی بری طرح متاثر ہوئی، جب کہ ٹرینوں میں بکنگ کے خواہش مند مسافر جن کی اکثریت موجودہ برسات کے موسم میں آن لائن بکنگ کرانے کی خواہش مند تھی، انہیں بھی سخت پریشانی کا سامنا کرنا پڑا، لوکوشیڈ میں کام بند رہا۔