اسلام آباد (اے پی پی) پاکستان نے کہا ہے کہ جنوبی ایشیا میں امن کے لیے تنازعہ کشمیر کا حل ضروری ہے،یہ مسئلہ علاقائی اور عالمی امن کیلئے خطرہ بن چکا ہے،انڈیا سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عملدرآمد کے دعووں سے انحراف کر رہا ہے۔سیکرٹری خارجہ محمد سائرس سجاد قاضی نے کیمرون کے شہر یاؤ نڈے میں منعقد ہونے والے او آئی سی کے وزرائے خارجہ کی کونسل کے 50 ویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر او آئی سی کے رکن ممالک کا مشترکہ کاز ہے، جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کو یقینی بنانے کیلئے مسئلہ کشمیر کا حل ضروری ہے، انہوں نے کہا 5 اگست 2019 کے بعد سے بھارت نے مقبوضہ کشمیر کو ضم کرنے کیلئے یکطرفہ اقدامات شروع کیے ۔