• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جامعہ کراچی، ایل ایل بی امیدوار/ امیدواروں کی سند اور انرولمنٹ منسوخ

کراچی( اسٹاف رپورٹر) جامعہ کراچی کی سنڈیکیٹ نے ان فیئر مینز کمیٹی کی سفارشات کی منظوری دیتے ہوئے ایل ایل بی کے امیدوار/ امیدواروں کی سند اور انرولمنٹ کو منسوخ کردیا ہے۔ ذرائع کے مطابق جس امیدوار کی سند منسوخ کی گئی ہے وہ اسلام آباد میں عدل و انصاف کے شعبے میں ایک اعلیٰ عہدے پر فائز ہے، علاوہ ازیں سنڈیکیٹ کے اجلاس میں سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن کے خطوط کی روشنی میں جامعہ کراچی میں دو ایکٹرقطعہ اراضی سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن کو مختص کرنے کی اصولی منظوری دی گئی، جبکہ شعبہ فزکس کی رابعہ نجم اور عمیر اسحاق کی پیش کی جانے والی انکوائری رپورٹ کی روشنی میں انہیں ملازمت سے برخاست کرنے کی بھی منظوری دی۔ ذرائع کے مطابق ایل ایل بی کی کی سند دو مختلف انرولمنٹ ہونے کی بنیاد پر منسوخ کی گئی تاہم یونیورسٹی کی پریس ریلیز کے مطابق اراکین نے ان فیئرمین (UFM) کمیٹی کی سفارشات کی منظوری دی جس میں غیراخلاقی حرکات میں ملوث امیدواروں کی سند اور انرولمنٹ کارڈ منسوخ کرنے کی تجویز دی گئی تھی۔ جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی کی زیر صدارت سنڈیکیٹ کے اجلاس میں شعبہ عمرانیات میں پروفیسرڈاکٹر ثوبیہ انیس شہزاد، شعبہ جغرافیہ میں پروفیسرڈاکٹر شمشاد اختر،شعبہ خردحیاتیات میں پروفیسرڈاکٹرعبدالوہاب، شعبہ پبلک ایڈمنسٹریشن میں پروفیسرڈاکٹر صائمہ اختر،شعبہ بائیوٹیکنالوجی میں ڈاکٹر راحیلہ رحمت زہرہ،شعبہ کامرس میں زعیمہ اسرار محی الدین کی بطور صدورشعبہ جات جبکہ ڈاکٹر محمد اجمل خان انسٹی ٹیوٹ آف سسٹین ایبل ہیلو فائٹ یوٹیلائزیشن میں پروفیسرڈاکٹر عرفان عزیز کی بطور ڈائریکٹر تین سال کی مدت کے لئے تقرری کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن کے خطوط کی روشنی میں جامعہ کراچی میں دو ایکٹرقطعہ اراضی سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن کو مختص کرنے کی اصولی منظوری دیتے ہوئے فیصلہ کیا گیاکہ یہ زمین تجارتی مقاصد کے لئے استعمال نہیں کی جاسکتی اور زمین جامعہ کراچی کی ہی ملکیت رہے گی اور تعمیر ہونے والی عمارت بھی معاہدہ ختم ہونے کی صورت میں جامعہ کراچی کی ملکیت رہے گی۔انجینئر میمن عبدالجبار ممبرسنڈیکیٹ کی سربراہی میں ایک چاررکنی کمیٹی تشکیل دی گئی جس میں صاحبزادہ معظم قریشی، پروفیسرڈاکٹر صالحہ رحمن اورصوبائی حکومت کا ایک نمائندہ شامل ہیںجوسندھ ہائرایجوکیشن کمیشن کو قطعہ اراضی مختص کرنے کے حوالے سے اپنی سفارشات پیش کریں گے۔ دوران اجلاس ایچ ای سی اسلام آباد جنسی ہراسانی کے خلاف تحفظ کی پالیسی 2024 ء (نظرثانی شدہ) کی بھی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں ناظم مالیات کی جانب سے پیش کردہ سفارشات کی اصولی منظوری دیتے ہوئے،انہیں فائنانس اینڈ پلاننگ کمیٹی کے آئندہ ہونے والے اجلاس میں پیش کرنے کیلئے کہا گیا تاکہ اس پر مزید پیشرفت ہوسکے۔ اجلاس میں شعبہ فزکس کی رابعہ نجم اور عمیر اسحاق کی پیش کی جانے والی انکوائری رپورٹ کی روشنی میں انہیں ملازمت سے برخاست کرنے کے ساتھ ساتھ ان سے ریکوری کرنے کی منظور ی دی گئی۔

اہم خبریں سے مزید