• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خاتون سمیت دو افراد قتل،لڑکی کی پھندا لے کر خودکشی

راولپنڈی (سٹاف رپورٹر)راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں دولڑکیوں سمیت 3افراد جان کی بازی ہارگئے۔تھانہ دھمیال کے علاقہ میں گٹر کے تنازع میں فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق اور دوسرازخمی ہوگیا۔پولیس کے مطابق رمیال ساگری واجد علی وغیرہ کااپنے چچا زاد شاہد عتیق کے ساتھ گٹر کے پانی پر جھگڑا ہوا،اس دوران زبیر وغیرہ کی فائرنگ سے واجد علی ولد فضل احمد جاں بحق جب کہ اس کابھائی عادل بازوپر فائرلگنے سے زخمی ہوگیا۔ تھانہ ریس کورس کے علاقہ میں 21سالہ لڑکی نے گلے میں پھندا ڈال کر خودکشی کرلی۔ پولیس کے مطابق ملت آباد نیازی ٹاؤن میں رہائش پذیرخدیجہ آصف کا والد فوت ہوچکاہے وہ اپنےبھائی اور والد ہ کے ہمراہ رہائش پذیر تھی ۔ہفتہ کو دوپہر کے وقت کسی بات پر دل برداشتہ ہوکر وہ اپنےکمرے میں گلے میں دوپٹے سے پھندا ڈال کر چھت والے پنکھے سے لٹک گئی۔ تھانہ چکری کو محمد قدیر نے بتایا کہ میری چھوٹی بہن نساء بتول کی شادی تقریباً دو سال قبل گاؤں کولیاں حمید میں ثاقب محمود سے ہوئی تھی ۔دو دن قبل گھریلو ناچاقی کی وجہ سے میری ہمشیرہ ہمارے گھر ناراض ہو کر آئی تھی لیکن گزشتہ روز ہم تمام اہل خانہ اپنے مذہبی پروگرام میں شرکت کے لئے امام بارگاہ گئے ہوئے تھے اور میری ہمشیرہ گھر میں اکیلی تھی۔ ہماری غیر موجودگی میں اس کا شوہر ثاقب محمود ہمارے گھر آیا اور اسے زبر دستی اپنے ساتھ لے گیا۔ بعدازاں صبح فیضان نامی شخص نے عبدالمجید کو فون کرکے اطلاع دی کہ نساء بتول زندگی موت کی کشمکش میں ہے اور اسے ہسپتال لے جایا جا رہا ہے۔ ہم ڈی ایچ کیو ہسپتال پہنچے تو وہاں نساء بتول کو مردہ حالت میں پایا۔اس کے جسم پر تیز دھار آلہ سے زخم لگائے گئے اور اس کا گلہ بھی کٹا ہوا تھا۔ اس کو بے دردی سے قتل کیاگیا۔ مجھے اس بات کا قوی یقین ہے کہ اسے اس کے شوہر ثاقب محمود اس کے سسر محمد اسلم اور ثاقب کےبھائی حماد تینوں نے مل کر بے دردی سے قتل کیا ۔
اسلام آباد سے مزید