• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کرم یک جہتی کمیٹی کا احتجاجی دھرنا جاری،پائیدار امن کے قیام کا مطالبہ

راولپنڈی ( سٹاف رپورٹر) کرم یک جہتی کمیٹی اسلام آباد کی زیرِ نگرانی ضلع کرم میں بدامنی، دہشت گردی، شدت پسندی، مسلکی منافرت،زمینی تنازعات کے حل نہ ہونے اور خونریزلڑائیوں کے خلاف نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے سبزہ زار پر اہلیانِ ضلع کرم کا احتجاجی دھرنا گیارہویں روز بھی جاری رہا۔اس موقع کرم یکجہتی کمیٹی کے ترجمان شبیر ساجدی نے کہا کہ پائیدار امن کے قیام اور نسلِ انسانی کے بچاؤ کی خاطر ہمارا پرامن جدوجہد اور احتجاجی تحریک کا سلسلہ بنیادی مطالبات کے پورا ہونے تک جاری رہے گا۔ مٹھی بھر دہشتگردوں نے ضلع کرم کو تباہی کے دہانے پر لا کھڑا کیا ہے۔اس موقع خطاب کرتے ہوئے تحریک حسینی کے صدر علامہ سید تجمل حسین حسینی نے کہاکہ ضلع کرم میں روز امن کا گلا گھونٹا جبکہ بدامنی کو فروغ دیا جاتا ہے۔ امن جرگوں، وعدوں اور حکومتی دعووں سے عوام کا اعتماد اٹھ چکا ہے۔مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے رہنما علامہ سید زاہد حسین کاظمی نے کہا ضلع کرم کی آواز دبانا، شر پسندوں کی حوصلہ افزائی کرنا ہر لحاظ سے قابلِ مذمت اور لمحہ فکریہ ہے۔اس موقع پرسابق آئی جی سید ارشاد حسین کا کہنا تھا کہ حکومتی خاموشی اور ریاستی لاتعلقی سمجھ سے بالاتر ہے۔مجلس وحدت مسلمین خیبرپختونخوا کے رہنما زاکر نوروز، کرم کے رہنماوں سید محمد شاہ، سید کاظم حسین، عامر طوری، پروفیسر شبیر حسین اور دیگر پختون رہنماوں نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔انہوں نےضلع کرم میں جاری بدامنی اورذمہ داروں کی بے حسی پر تشویش کا اظہار کیا ۔
اسلام آباد سے مزید