کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) دفترخارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے مقبوضہ کشمیر پر بھارت کا بیانیہ مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ جارحانہ اقدام کا بھرپور جواب دیا جائیگا، جموں و کشمیر کا تنازع عالمی طور پر تسلیم شدہ مسئلہ، کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل ہونا چاہیے۔ ترجمان دفترخارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے جموں و کشمیر پر بھارت کے وزیر خارجہ کے حالیہ بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ جموں و کشمیر کا تنازعہ ایک بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ مسئلہ ہے اور یہ مسئلہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اس حل طلب تنازعے کا حل جنوبی ایشیا میں امن اور استحکام کے لیے انتہائی اہم ہے، پاکستان کسی بھی ایسے بیانیے کو سختی سے مسترد کرتا ہے جو یہ ظاہر کرتا ہو کہ جموں و کشمیر کے تنازع کو یک طرفہ طور پر حل کیا جا سکتا ہے۔ ترجمان دفترخارجہ کا کہنا تھا کہ ایسے دعوے نہ صرف گمراہ کن ہیں بلکہ خطرناک حد تک خیالی ہیں اور یہ زمینی حقائق کو یکسر نظرانداز کرتے ہیں۔