• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سیاست کی قربانی دے کر معیشت کو دیوالیہ ہونے سے بچایا، وزیراعظم

اسلام آباد(اے پی پی)وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے مہنگائی کی شرح سنگل ڈیجٹ پر آنے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ماہ اگست میں مہنگائی کی شرح کا 9.6فیصد پر آنا معیشت میں بہتری کے حوالے سے حکومتی اقدامات کا عکاس ہے‘ ہم نے اپنی سیاست کی قربانی دے کر ملکی معیشت کو دیوالیہ ہونے سے بچایا‘گزشتہ تین سال میں مہنگائی کی کم ترین شرح کا سہرا حکومتی معاشی ٹیم کی محنت کو جاتا ہے‘حکومتی معاشی ٹیم کی محنت رنگ لا رہی ہے‘ عوام سے عہد کیا تھا کہ ان کی پریشانیوں کو کم کرنے تک چین سے نہیں بیٹھوں گا۔ اللہ رب العزت کا بے پایاں کرم ہے کہ اپنے عہد کی تکمیل کی طرف گامزن ہیں، حکومتی معاشی اصلاحات کے مثبت نتائج عوام کی خوشحالی کی صورت عوام تک پہنچنا شروع ہو گئے ہیں‘ معاشی ماہرین کی جانب سے ستمبر کے مہینے میں افراط زر کی شرح میں مزید کمی کی پیشگوئی قوم کیلئے خوشخبری سے کم نہیں ۔ پیر کوجاری بیان کے مطابق شہباز شریف کا کہناتھاکہ افراط زر میں کمی وزارت خزانہ کی اکنامک آؤٹ لک رپورٹ کی پیشگوئی کے عین مطابق ہے جس میں کہا گیا تھا کہ اگست 2024 میں افراط زر کی شرح 9.5 سے 10.5 فیصد کے درمیان رہے گی ۔ انہوں نے کہا کہ 2018 میں بھی افراط زر کی شرح کو سنگل ڈیجٹ پر چھوڑ کر گئے تھے، 2018 کے بعد چار سال میں مجرمانہ غفلت اور عوام دشمن پالیسیوں کی وجہ معیشت بد حالی کا شکار رہی، مہنگائی میں ریکارڈ اضافہ ہوا اور عوام کیلئے پریشانی کے دور کا آغاز ہوا۔معاشی ٹیم کی شبانہ روز محنت کی بدولت نہ صرف معیشت مستحکم ہوئی بلکہ ترقی کی جانب گامزن ہے‘ عام آدمی کی زندگی کو آسان اور اس کی معاشی خوشحالی کے بغیر پاکستان کی ترقی کے ہدف کا حصول ممکن نہیں۔

اہم خبریں سے مزید