اسلام آباد( نمائندگان جنگ )وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ آئی ایم کی شرائط بروقت پوری کریں گے ، معیشت کیلئے بہت کچھ کرنا باقی ہے، آئی ایم ایف کےساتھ یہ ہمارا آخری پروگرام ہونا چاہیے، مہنگائی کا بوجھ آہستہ آہستہ کم ہو رہا ہے، مہنگائی کی شرح اگست میں 9 اعشاریہ 6فی صد پرآگئی ہے، رائٹ سائزنگ اور ڈاؤن سائزنگ کے ساتھ ساتھ گردشی قرضوں میں بھی کمی لانا ہو گی، ٹیکس چوری اور بدعنوانی کو روکناہے۔سفر مشکل ضرور ہے لیکن ناممکن نہیں ،کراچی ملک کا اہم ترین شہر اور ملک کی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔کراچی کے مسائل کا حل حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ان خیالات کا ا ظہار انہوں نے کابینہ اجلاس میں گفتگو کے دوران کیا ۔ وزیراعظم محمد شہبازشریف نے معاشی استحکام ، محصولات کی وصولی میں بدعنوانی کی روک تھام ، اسمگلنگ کے خاتمے، موثر روزگار کے مواقع پیداکرنے اور اخراجا ت میں کمی کے عزم کا اعادہ کیا۔ وزیراعظم نے کہا اگست میں افراط زر کی شرح سنگل ڈیجیٹ میں آنے پر اطمینان کا اظہار کیا ۔ وزیراعظم نے کہا کہ افراط زر میں کمی پر وزارت خزانہ ، اسٹیٹ بینک اور دیگر متعلقہ اداروں کی کوششیں لائق تحسین ہیں۔ معیشت میں مزید استحکام لانا ہے۔ روزگار کے مواقع پیدا کرنا ہماری اولین ترجیح ہے۔ بجلی اور گیس کے گردشی قرضوں کو بھی کم کرنا ہے۔