کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستانی کرکٹ ٹیم کی ناکامیوں کا سلسلہ طویل ہورہا ہے۔
ہوم گراؤنڈ پر ماضی میں کامیابیوں کے جھنڈے گارنے والی پاکستانی ٹیم اپنے ہی میدان میں ایک اور شرم ناک وائٹ واش کا سامنا کرنا پڑا۔ نہ بارش ہوسکی اور نہ بولربیٹنگ لائن کی بدترین کارکردگی کا ازالہ کرسکے۔ پانچویں دن میچ کا فیصلہ چائے کے وقفے سے قبل ہوگیا۔
بنگلہ دیش نے دوسرا ٹیسٹ چھ وکٹ سے جیت کر سیریز میں کلین سوئپ مکمل کرلیا۔
نجم الحسن شانتو کی قیادت میں بنگلہ دیش نے پاکستان کو پہلی بار دوصفر سے شکست دے کر نئی تاریخ رقم کردی۔
ٹائیگر نے پہلی اننگز میں26 رنز پر چھ وکٹ گنوادیے تھے لیکن پھر لٹن داس اور مہدی حسن میراز کی شراکت نے بازی پلٹ دی۔ منگل کو بنگلہ دیش نے بغیر کسی مزاحمت کے چار وکٹ پر185رنز بناکر با آسانی ہدف عبور کرلیا۔ پہلی اننگز میں مشکل ترین صورتحال میں138رنز بنانے والے لٹن داس کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔
سیریز میں آل راؤنڈر مہدی حسن میراز نے155رنز بنائے اور آف اسپن سے دس وکٹیں لیں، انہیں پلیئر آف دی سیریز قرار دیا گیا۔
آسٹریلیا اور انگلینڈ کے بعد بنگلہ دیش نے بھی پاکستان کو اسی کے گراؤنڈ میں آؤٹ کلاس کردیا۔
اس سے قبل راولپنڈی میں ہی پہلا ٹیسٹ بنگلہ دیش نے 10 وکٹ سے جیتا تھا۔
یاد رہے کہ دوسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے دن کا کھیل بارش کی وجہ سے منسوخ ہوگیا تھا، پاکستان پہلی اننگز میں 274 رنز پر آؤٹ ہوگئی تھی۔ جواب میں بنگلہ دیش 262 رنز بنانے میں کامیاب رہی تھی اور پاکستان کو 12 رنز کی برتری ملی تھی لیکن دوسری اننگز میں قومی ٹیم صرف 172 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ مہمان ٹیم کو جیت کیلئے 185 رنز کا ہدف ملا تھا۔