مانچسٹر (علامہ عظیم جی) 7ستمبر 2024ء کو لاہور مینار پاکستان اور لندن میں ہونے والی ’’گولڈن جوبلی ختم نبوت‘‘ کانفرنسز جو کہ 7ستمبر 1974پاکستان کی قومی اسمبلی کے تاریخی فیصلہ کے 50سال پورے ہونے پر منعقد کی جا رہی ہیں، کا خیر مقدم کرتے ہیں، مسلمانوں کو چاہئے کہ وہ اپنے ’’عقیدہ ختم نبوت‘‘ کے تحفظ کیلئے علماء کرام کی سرپرستی میں ان کے شانہ بشانہ ہو کر حضورﷺ کی ختم نبوت کا پرچم سربلند رکھیں۔ جمعیت علماء برطانیہ کے مرکزی قائدین و سر پرست اعلیٰ مولانا عبدالرشید ربانی، مولانا سید اسد میاں شیرازی، مولانا رضاء الحق سیاکھوی، مولانا محمد اکرم اوکاڑوی، مولانا قاری عبدالرشید، مولانا سید جمال بادشاہ گیلانی، مولانا قاری شاہ حسین الحسینی، مولانا گل محمد، حافظ محمد اسحاق، ختم نبوت فورم یورپ کے مفتی فیض الرحمن، مرکزی جمعیت علماء برطانیہ کے مولانا امدادالحسن نعمانی، قاری محمد عباس، سواداعظم اہلسنت والجماعت برطانیہ کے مفتی محمد تقی، مولانا محمد شفیق، عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے مفتی محمود الحسن، ختم نبوت سنٹر لندن کے مولانا سہیل باوا، یوکے اسلامک مشن کے سابق صدر مولانا شفیق الرحمٰن، پاسبان صحابہ برطانیہ کے چیئرمین محمد عمر توحیدی، روحانی اسکالر علامہ عظیم راشدی اور دیگر نے مشترکہ بیان میں کہا کہ مذکورہ کانفرنسز کی بھرپور حمایت کرنا انتہائی ضروری ہے۔ قائدین کا کہنا تھا کہ عقیدہ ختم نبوت کے تحفظ پر پہرے داری کا کام دور نبوت سے شروع ہو گیا تھا، پھر یہ پرچم خلیفہ اول بلافصل سیدنا حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ نے تھاما اور ختم نبوت پر حملہ آوروں کی صفیں الٹ کر رکھ دیں۔ اس وقت سے لے کر آج تک اور آگے قیامت تک تحفظ عقیدہ ختم نبوت پہرے داری کا کام جاری و ساری رہے گا۔ مسلمانوں کے عقیدہ ختم نبوت کا باغی فرد ہو یا جماعت وہ ہر دور میں ذلیل و رسوا ہو کر ناکام رہے۔ جھوٹے مدعیان نبوت ’’اسود عنسی‘‘ اور ’’مسیلمہ کذاب‘‘ سے لے کر ’’مسیلمہ پنجاب‘‘ تک سارے کے سارے ’’جھوٹے مدعیان نبوت‘‘ اللہ تعالیٰ کے غیظ و غضب کا شکار ہوئے۔ مسلمانوں نے ہر دور میں حضور اکرمﷺ کی ختم نبوت کا پرچم سربلند رکھا اور اس مقدس مشن پر کسی بھی طرح کی قربانی دینے سے دریغ نہیں کیا۔ ختم نبوت کا تاج اللہ تعالیٰ نے ہمارے آقا و مولا حضرت محمد مصطفی احمد مجتبٰی ﷺکے سر پر رکھ کر ایسا سجایا کہ یہ آپﷺ کے سر مبارک پر ہی جچ گیا ہے، اس شاندار سجاوٹ کے گرد پہرہ ہر دور میں حضور اکرم ﷺ کے غلاموں نے دیا،7ستمبر 2024کو مینار پاکستان میں ہونے والی گولڈن جوبلی اور لندن میں ہونے والی ختم نبوت کانفرنس اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے، مسلمان 7 ستمبر کا دن حضورﷺ کی ختم نبوت کے نام وقف کرکے اس دن ساری دنیا میں ختم نبوت زندہ باد کے نعرے کی اک دھوم مچا دیں۔