اسلام آ باد (نمائندہ جنگ) وزیر اعظم کا ’’اے گوگل پاکستان آگے بڑھو ‘‘کی تقریب سے خطاب، معروف عالمی ٹیکنالوجی کمپنی نے 5 لاکھ کروم بکس تیار کرنے کا آغاز کر دیا، وزیراعظم شہباز شریف نے عالمی سطح پر اور پاکستان میں گوگل کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس کی شراکت داری اور خدمات لائق تحسین ہے۔ وزیر اعظم نے یہ بات گزشتہ روز ’’اے گوگل پاکستان آگے بڑھو ‘‘کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کی۔ معروف عالمی ٹیکنالوجی کمپنی گوگل نے پاکستان میں 5 لاکھ کروم بکس تیار کرنے کے اقدام کا آغاز کر دیا ۔ اس موقع پر وزیراعظم کو پہلی کروم بک پیش کی گئی۔ اپنے خطاب میں وزیر اعظم نے کہا کہ اگلے پانچ سال میں آئی ٹی برآمدات کا ہدف 25ارب ڈالر مقرر کیا ہے، ملک کی نوجوان نسل انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں بہت زیادہ قابل ہے جو پاکستان کی معاشی ترقی میں کلیدی کردار ادا کر سکتی ہے، وفاقی اور صوبائی حکومتیں اپنی تعلیم اور بااختیار بنانے کیلئے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لائیں، حکومت نے اگلے پانچ سال میں آئی ٹی برآمدات کا ہدف 25ارب ڈالر مقرر کیا ہے جو کہ حاصل کیا جا سکتا ہے، آئی ٹی ماہرین اور صنعتکارچھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں اور فری لانسرز کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ ہدف کے حصول میں حکومت کی مدد کیلئے ایک منصوبہ پیش کریں۔