پشاور ( جنگ نیوز )خیبر پختونخوا کے وزیر لائیو سٹاک، ماہی پروری اور کوآپریٹو کی خصوصی ہدایت پر محکمہ ماہی پروری نے صوبے کے اندر دریاؤں اور ڈیموں میں مچھلیوں کی افزائش کے منصوبے کا آغاز کر دیا ہے۔ اس منصوبے کے تحت بڑی تعداد میں میں مچھلیوں کے بچے صوبے کے اندر دریاؤں اور ڈیموں میں چھوڑے جا رہے ہیں۔ مچھلیوں کی افزائش کے حوالے سے خیبر پختونخوا کے وزیر لائیو سٹاک، ماہی پروری اور کوآپریٹو فضل حکیم کی زیر صدارت پشاور میں ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں سیکرٹری لائیو سٹاک و ماہی پروری فخر عالم،ڈائریکٹر جنرل ماہی پروری محمد ارشد عزیز،ڈائریکٹر جنرل لائیو سٹاک توسیع ڈاکٹر اصل خان اورڈائریکٹر جنرل لائیو سٹاک تحقیق ڈاکٹر اعجاز علی سمیت دیگر اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے محکمہ کے افسران کو تاکید کی صوبے میں غذائی ضروریات کے پیش نظر ماہی پروری کے فروغ کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیئے جائیں اور دستیاب وسائل کو بہتر طریقے سے استعمال میں لاتے ہوئے مچھلیوں کی اعلیٰ اقسام کی افزائش کی جائے۔