پشاور ( وقائع نگار )وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے احکامات کی روشنی میں، صوبائی دارلحکومت پشاور میں جرمانہ سسٹم کو جدید ترین کمپیوٹرائزڈ نظام میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس اقدام کے تحت، ضلعی انتظامیہ پشاور اور خیبر پختونخوا انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ نے مشترکہ طور پر ایک جدید ایپلی کیشن پر کام کا آغاز کر دیا ہے۔نئی ایپلی کیشن میں خلاف ورزی کرنے والوں کا مکمل ڈیٹا محفوظ کیا جائے گا، جس میں خلاف ورزی کی نوعیت، جیو لوکیشن، سزا، اور جرمانے کی تفصیلات شامل ہوں گی۔ اس کے علاوہ، ایپلی کیشن کے ذریعے تمام تر کارروائی کو ٹریک کیا جا سکے گا، جس سے نہ صرف موجودہ خلاف ورزیوں کا ریکارڈ محفوظ کیا جائے گا بلکہ بار بار خلاف ورزی کرنے والوں کی شناخت بھی کی جا سکے گی۔ڈپٹی کمشنر پشاور سرمد سلیم اکرم کے مطابق ایپلی کیشن میں ہر خلاف ورزی کی مکمل تفصیل درج کی جائے گی،اس اقدام کے ذریعے ہم امید کرتے ہیں کہ پشاور شہر میں جرمانہ سسٹم میں شفافیت اور مؤثریت میں اضافہ ہوگا، اور شہریوں کے حقوق کی مکمل حفاظت ممکن ہوگی۔