پشاور (وقائع نگار) محکمہ خوراک نے گرانفروشوں کیخلاف کارروائیاں کرتے ہوئے 14 افراد کو جیل بھیج دیا۔ صوبائی وزیر خوراک‘ سیکرٹری محکمہ خوراک اور ڈائریکٹر فوڈ کی ہدایت پر راشننگ فوڈ کنٹرولر توصیف اقبال کی نگرانی میں اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولر شاہد علی‘ فوڈ انسپکٹر فخر عالم اور سپروائزر طیب انور نے حیات آباد میڈیکل کمپلیکس‘ آر ایم آئی اور نارتھ ویسٹ کی کینٹینوں میں نرخوں بارے آگاہی حاصل کی۔ سرکاری نرخنامے سے تجاوز کرنے پر مذکورہ بالا ہسپتالوں کے کینٹین منیجرز اور حیات آباد ویونیورسٹی ر وڈ کے مختلف علاقوں سے 11 گرانفروشوں کو گرفتار کر کے جیل بھیج دیا گیا۔ راشننگ فوڈ کنٹرولر پشاور توصیف اقبال نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ گرانفروشوں کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے اور اس سلسلے میں کسی کیساتھ کوئی نرمی نہ برتی جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ گرانفروشی کے مرتکب افر اد کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں جن کے ساتھ آہنی ہاتھوں نمٹا جائے گا۔ انہوں نے محکمہ خوراک کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر گرانفروشوں کے خلاف کار روائیاں عمل میں لائیں اور کسی کیساتھ کوئی رعایت نہ برتی جائے۔