• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گالی اور گولی کسی مسئلہ کا حل نہیں، وزیراعظم، سیاسی اختلاف کو نفرتوں میں نہ ڈھلنے دیں، آرمی چیف

راولپنڈی(جنگ نیوز/ایجنسیاں)پاک فوج کے سربراہ جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہمعاشرتی وسماجی معاملات میں اخوت، ہم آہنگی، برداشت اور بردباری کا مظاہرہ کریں‘سیاسی نقطہ نظرمیں اختلاف کو نفرتوں میں نہ ڈھلنے دیں‘ ملک دشمنوں کو جہاں پائیں گے ان کی سرکوبی کریں گے‘ دہشت گردوں کو جہاں پائیں گے ان کو ختم کریں گے‘ قربانیوں کا سلسلہ دہشت گردوں کے خاتمے تک جاری رہے گا‘غیرملکی شہ پر فساد فی الارض برپا کرنے والوں پر آئندہ بھی زمین تنگ رہے گی ‘ملکی سلامتی کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر ابہام‘ افواج اور عوام میں خلیج پیدا کرنے کے لیے متحرک قوتوں کو شکست کا سامنا کرنا پڑے گا‘افواج پاکستان اورعوام کا رشتہ دل کا رشتہ ہے‘یہی مضبوط رشتہ دشمنوں کی شکست کا ضامن ہے‘ عزم استحکام نیشنل ایکشن پلان کی کڑی ہے‘ عزم استحکام کسی نئے آپریشن کا نام نہیں‘ کسی کو بے دخل نہیں کیا جائے گا جبکہ وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ آزادی اظہار آئین کی طے کردہ حدودقیود میں ہونی چاہئے ‘گالی یا گولی کسی مسئلے کا حل نہیں ‘قوموں کی تقسیم ملکی سلامتی کیلئے خطرات پیدا کرتی ہے‘پاکستان کی خاطرذاتی مفادات اور خواہشات کوقربان کریں ‘فتنہ الخوارج کے خاتمے تک پاک فوج اور سکیورٹی ادارے آپریشن جاری رکھیں گے۔تفصیلات کے مطابق جمعہ کو جی ایچ کیو راولپنڈی میں یوم دفاع وشہداءکی مرکزی تقریب ہوئی جس میں وزیر اعظم شہباز شریف نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ وزیراعظم نے شہدا کی یادگار پر پھول رکھے۔ تقریب سے خطاب میں آرمی چیف کا کہنا تھاکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قربانیوں کاسلسلہ آج بھی جاری ہے‘ قومی یکجہتی کمزور کرنے کے مذموم مقاصد کامیاب نہیں ہوں گے‘ پاکستانی عوام اور فوج سالمیت کا دفاع کرنا جانتے ہیں ۔ ہمارا اصل اثاثہ عوام، بالخصوص ہماری نوجوان نسل ہے‘آرمی چیف کا کہنا تھاکہ بھارت کے ناجائززیرِقبضہ جموں وکشمیرنہ صرف ملکی بلکہ خطے اور عالمی سطح کا مسئلہ ہے، جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کا قیام مسئلہ کشمیرکے حل میں ہے۔فلسطین کا تنازع دُنیا کیلئے انتہائی قابلِ فِکر سوالیہ نشان ہے، اسرائیلی جارحیت وبربریت اورفلسطینیوں کااستحصال انسانیت اوربین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔افواج پاکستان کے سپہ سالار نے کہا کہ دہشت گردی کے پھیلاؤ میں جن بیرونی طاقتوں کا ہاتھ ہے میں انہیں بھی باور کرانا چاہتا ہوں کہ افواج پاکستان اور پاکستانی عوام اپنی سالمیت کا دفاع کرنا جانتے ہیں اور کبھی تمہارے مذموم ارادوں کو کامیاب نہ ہونے دیں گے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف کاکہناتھاکہ یہ دن ہماری اس قومی حمیت کی یاد دلاتا ہے جس سے سرشار ہو کر عظیم قوم نے طاقت کے زعم میں مبتلا دشمن کے مذموم ارادے خاک میں ملا دیے تھے، افواج پاکستان کے شیر سمندر، فضا اور زمین پر شاہین بن کر دشمن پر جھپٹے، لاہور جم خانہ میں چائے پہنے کا خواب دیکھنے والا دشمن فرار ہوگیا۔وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان امن پسند ملک ہے اور کسی ہمسائے کے خلاف جارحانہ عزم نہیں رکھتا، دہشت گردی، بدامنی کے خاتمے اور خطے کے امن کے لیے پاکستان نے ہمیشہ مثبت کردار ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ یقین رکھیں دہشت گردی کا سرکچلنے تک سکون سے نہیں بیٹھیں گے۔ پاکستان ہم سب کا ہے‘اس کی حفاظت‘ ترقی و خوشحالی ہم سب کی ذمہ داری ہے اور ناقابل تسخیر دفاع ہماری اولین ضرورت ہے۔

اہم خبریں سے مزید