کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ فنکشنل سندھ کے صدر اور سابق وفاقی وزیرپیر سید صدر الدین شاہ راشدی نے کہا ہے کہ ہم محب وطن ہیں ، ہماری 8 نسلوں کی قربانیاں اور تاریخ ہے ہم آج گھر بیٹھے ہیں، جن کی کوئی تاریخ نہیں ہے وہ کرپٹ اہم عہدوں پر ہیں ، پاک فوج اور حر جماعت ایک جسم ایک جان ہے جسے کوئی الگ نہیں کرسکتا ، فیڈریشن اور فوج مضبوط رہنے کی خواہش ہے ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان مسلم لیگ فنکشنل سندھ کی جانب سے یوم دفاع کے موقع پر کراچی پریس کلب میں " 65 کی جنگ اور شاہ مردان شاہ پیر صاحب پگارا"کے عنوان سے منعقد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، تقریب سے صفدر عباسی، سردار رحیم اور دیگر نے بھی خطاب کیا ،صدر الدین راشدی نے کہا کہ ہم لوگ محب وطن پاکستانی ہیں ،پاکستان مسلم لیگ فنکشنل سندھ کے جنرل سیکریٹری سردار عبدالرحیم نے کہا کہ پاکستان اور پاک فوج کو مظبوط دیکھنا چاہتے ہیں ،ہماری قیادت پر کرپشن کا کوئی الزام نہیں ہے، سابق صوبائی وزیر داخلہ بریگیڈیئر ریٹائرڈ محمد حارث نواز اور دیگر نے بھی خطاب کیا ۔