• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خیبرپختونخوا میں امن و امان کی صورتحال غیر تسلی بخش ہے‘سکندرشیرپاؤ

پشاور(جنگ نیوز) قومی وطن پارٹی پشاور کا اجلاس وطن کور میں زیر صدارت صوبائی چیئرمین سکندر حیات خان شیرپاؤ ہواجس میں چیئرمین اور دیگر عہدیداروں سمیت کارکنوں نے شرکت کی۔ اس موقع پرپشاور میں پارٹی کی تنظیمی صورتحال کے علاوہ سیاسی صورتحال پر گفتگو ہوئی۔اجلاس میں سکندر حیات خان شیرپاؤ سمیت مرکزی سیکرٹری انفارمیشن طارق احمد خان،صوبائی جنرل سیکرٹری ڈاکٹر فاروق افضل،صوبائی وائس چیئرمین سید فیاض علی شاہ اور صوبائی سیکرٹری انفارمیشن شکیل وحید اللہ خان نے صوبہ کی مجموعی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت کی خراب طرز حکمرانی کی بدولت عوام بے چینی کا شکار ہیں، صوبہ میں امن و امان کی صورتحال غیر تسلی بخش ہے،مہنگائی و بے روزگار ی اور پسماندگی سمیت بجلی کی ناروا لوڈشیڈنگ اور اضافی بلوں نے عوام کا جینا دوبھر کردیا جبکہ صوبائی حکومت عوام کی دکھوں کا مداوکرنے ااور صوبہ کو پسماندگی اوراقتصادی و معاشی بدحالی سے نکالنے کی بجائے اسلام آباد میں پی ٹی آئی کے جلسے جلوسوں میں مصروف ہے۔صوبائی حکومت کی نااہلی کی بدولت صوبہ اربوں روپے کا مقروض ہوگیا ہے اور عوامی مسائل اپنی انتہا کو پہنچ چکے ہیں۔ہائبرڈ نظام ملک و قوم کے مفاد میں نہیں کیونکہ نہ تواس سے جمہوریت آگے بڑھ سکتی ہے اور نہ ہی عوامی مسائل حل ہو سکتے ہیں۔سیاسی نظام مزید تجربات کا متحمل نہیں ہو سکتا لہٰذا ملک میں صحیح معنوں میں جمہوریت کے فروغ،ملکی ترقی اور عوامی خوشحالی کے حصول کیلئے ضروری ہے کہ تمام ریاستی ادارے اپنے آئینی حدود میں رہتے ہوئے اپناکردار ادا کرے۔اس موقع پر قرار داد کے ذریعے بلدیاتی نمائندوں پر تشدد کی مذمت اور ان کو فنڈز کی فراہمی سمیت اختیارات دینے کا پر زور مطالبہ کیا گیا۔
پشاور سے مزید