پشاور(وقائع نگار) محکمہ خوراک نے سرکاری نرخنامے سے تجاوز کرنے پر 13افراد کو گرفتار کر کے جیل بھیج دیا۔ صوبائی وزیر خوراک ظاہر شاہ طورو‘ سیکرٹری محکمہ خوراک ثاقب رضا اسلم اور ڈائریکٹر فوڈ کی ہدایت پر راشننگ فوڈ کنٹرولر پشاور توصیف اقبال کی نگر انی میں اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولر شاہد علی خان فوڈ انسپکٹر اور سپر وائزر کے ہمراہ فقیر آباد اور نوتھیہ کے مختلف علاقو ں میں اشیائے خوردونوش کی دکانوں اور سبزی و پھل فروش کی دکانوں پر نرخوں بارے آگاہی حاصل کی۔ سرکاری نرخنامے سے تجاوز کرنے پر شیر فروشوں اور سبزی و پھل فروشوں کو دھرلیا جن کو ضروری کارروائی کے بعد جیل بھیج دیا گیا۔ راشننگ فوڈ کنٹرولر پشاور توصیف اقبال نے محکمہ خوراک کے افسران کی جانب سے کی جانیوالی کارروائیوں کو سراہا اور کہا کہ محکمہ خوراک کے افسران شہر بھر میں گرانفروشوں کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ تیز کریں تاکہ شہریوں کو ریلیف مل سکے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری نرخنامے پر عملدرآمد ہر صورت یقینی بنایا جائیگا اس سلسلے میں کسی کیساتھ کوئی نرمی نہیں برتی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ گرانفروش شہر کے کسی بھی کونے میں ہوں محکمہ خوراک کے شکنجے سے بچ نہیں سکتے۔