کوئٹہ( این این آئی)پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنماوٴں سینیٹر نیر بخاری اور میر اعجاز حسین جکھرانی نے کہا ہےکہ پاکستان پیپلزپارٹی سے بلوچستان کے عوام نے جو امیدیں وابستہ کررکھی ہیں اس پر پورا اترنے کے لئے سربراہ صوبائی حکومت سے لیکر عام کارکن کو محنت کرنی ہے بلوچستان کے عوام کے دکھوں کا مدوا کریں گے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی خواہش ہے کہ صوبائی حکومت کے اقدامات کے ثمرات عام بلوچستانی تک پہنچنے چاہئیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو یہاں پاکستان پیپلزپارٹی کے صوبائی، ڈویژنل اور ضلعی صدور، جنرل سیکرٹریز ، اطلاعات و فنانس سیکرٹریز سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ واضح رہے کہ چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر بلوچستان کے تنظیمی امور کے لئے بنائی گئی دو رکنی کمیٹی نے جمعرات اور جمعہ 5 تا 6 ستمبر کو کوئٹہ کا دورہ کیا اور تنظیمی عہدیداروں سے الگ الگ ملاقاتیں کیں اس موقع پر پارٹی کی تنظیمی امور پر مشاورت کی گئی اور بلوچستان پارٹی رہنماوٴں سے تجاویز لیں، کمیٹی اراکین نے پارٹی کے زیلی ونگز پیپلز لائرز فورم، اقلیتی ونگ، شعبہ خواتین، یوتھ ونگ، پیپلز سٹوڈنٹس فیڈریشن ودیگر سے بھی ملاقاتیں کی اور انکی تجاویز سنیں، کمیٹی اراکین نے تنظیمی امور پر مشتمل جامع رپورٹ تشکیل دی جو چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی کو پیش کی جائیگی۔