کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)سینئر سیاست دان سابق سینیٹر نوابزادہ لشکری خان رئیسانی نےگورنمنٹ سائنس پوسٹ گریجویٹ کالج میں آتشزدگی کے واقعے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان کو پہلے ہی معاشی ، تعلیمی و دیگر امور میں پسماندہ رکھا گیا ہے ایسے میں بلوچستان اس قسم کے واقعات کا متحمل نہیں ہو سکتا ، واقعے کی تحقیقات کرائی جائے ، لاپرواہی یا سازش کی صورت میں ذمہ داران کو سخت سے سخت سزا دی جائے۔یہ بات انہوں نے جمعہ کو عوامی نیشنل پارٹی اور پشتون اسٹوڈنٹس فیڈریشن کے زیر اہتمام سائنس کالج کوئٹہ میں منعقدہ آل پارٹیز کانفرنس کے لئے ارسال کردہ اپنے پیغام میں کہی ۔ نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی کی کوئٹہ میں عدم موجودگی کے باعث بلوچستان پیس فورم کے وائس چیئرمین حاجی ظفر صدیق کی قیادت میں وفد نے آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کی ، اس موقع پر حاجی ظفر صدیق نے نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی کا پیغام پڑھ کر سنایا ۔ جس میں نوبزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے کہا کہ سائنس کالج واقعے سے متعلق سیاسی جماعتوں ، اسٹوڈنٹس آرگنائزیشنز و دیگر اسٹیک ہولڈرز کی مشترکہ کانفرنس یقینا قابل تعریف عمل ہے ۔