• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چیئرمین نیب اور تمہیں نہیں چھوڑوں گا، عمران خان، تفتیشی افسر کو دھمکی

راولپنڈی (نمائندہ جنگ) بانی پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے کہ علی امین گنڈاپور کیخلاف کچھ لوگ پارٹی کے اندر سازشیں کررہے ہیں، پوری پارٹی کو کہتا ہوں یہ وقت اختلافات کا نہیں، انہوں نے نیب کے تفتیشی افسر کو دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ چیئرمین نیب اور تمہیں نہیں چھوڑوں گا ، رہا ہوتے ہی چیئرمین نیب کو پکڑوں گا اور عدالت لے جاؤں گا ، نیب کے تفتیشی افسر اور وعدہ معاف گواہ انعام شاہ پر مقدمات کروں گا ، انکی وجہ سے میری بیوی سات ماہ سے جیل میں ہے ۔

گزشتہ روز اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگوکرتے ہوئے انہوں نے سپریم کورٹ کے فیصلے پر کہا حکومت کو این آر او ٹو مبارک ہو ، اب وائٹ کالر کرائم پکڑنا ناممکن ہو گیا ، انہوں نے چوری ڈاکے کے راستے کھول دیئے ، مجھے توخوشی منانی چاہئے نیا توشہ خانہ کیس فارغ ہو گیا ، 190 ملین پاؤنڈز ریفرنس بھی ختم ہونے والا ہے یہ جو اوپر بیٹھے ہیں ان سب کے پیسے باہر پڑے ہیں ، میں نے ملک سے بھاگنا نہیں ، ساری زندگی جیل میں رہنے کو تیار ہوں ، شہباز شریف کیخلاف مقصود چپڑاسی کا 24 ارب کرپشن کا کیس ہم نے بنایا تھا، انکے خلاف کرپشن کے باقی سارے کیسز پرانے ہیں جو انہی کے دور حکومت میں بنے ہیں ، عوامی نمائندے کرپشن کرتے ہیں پھر اپنے کیسز ختم کرنے کیلئے قانون پاس کرواتے ہیں ۔ 

بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ نیب نے ایک کروڑ 80 لاکھ مالیت کے ہار کی قیمت 3 ارب 18 کروڑ لگائی فوج اگر اب غیر سیاسی ہوگئی ہے تو اس سے بڑی ملک کی کوئی خدمت نہیں ہو گی لیکن غیر سیاسی کہنے سے نہیں اعمال سے ہوتا ہے ، اگر یہ کہہ رہے ہیں ہم ہمیشہ غیر سیاسی تھے تو اس سے بڑی غلط بیانی کوئی نہیں ہو سکتی.

 9مئی انہوں نے کروایا اور پی ٹی آئی توڑی ، 8 فروری کی دھاندلی بھی انہوں نے کروائی ہے ، 9مئی کی سی سی ٹی وی فوٹیجز ان کے پاس ہیں سامنے لائیں، 9 مئی ہماری پارٹی ختم کرنے کیلئے کروایا گیا تھا، میری گرفتاری کا آرڈر کس نے دیا اس کی انکوائری کرائیں ، یہ مجھے جنرل فیض حمید کے ٹرائل سے ڈرا رہے ہیں ، جنرل فیض جب بھی ملنے آتا تھا وہ جنرل باجوہ کی اجازت سے آتا تھا 

 آئی ایس آئی کا چیف آرمی چیف کے ماتحت ہوتا ہے ، وہ بعد میں جنرل باجوہ کو ہر چیز رپورٹ کرتا تھا ، باجوہ مجھ سے ملاقات میں اس کی تصدیق کرتا تھا ، جنرل باجوہ کے بغیر جنرل فیض کا ٹرائل بڑی بدنیتی ہے ، جنرل باجوہ کو انکوائری سے باہر رکھنا بھی بڑی بدنیتی ہے ، جنرل باجوہ کو اس لئے باہر رکھا جا رہا ہے کیونکہ رجیم چینج اس نے کیا تھا ، جنرل باجوہ کو ٹرائل میں شامل کیا گیا تو سارے بھید کھل جائیں گے اور یہ سارے پکڑے جائیں گے۔ 

ان کا کہنا تھا کہ ملک تباہی کی طرف جارہا ہے ، قرضے بڑھتے جارہے ہیں ، آمدن سکڑتی جا رہی ہے ، میں ملک اور عوام کیلئے لڑ کر جہاد کر رہا ہوں، علی امین گنڈاپور کیخلاف کچھ لوگ پارٹی کے اندر سازشیں کررہے ہیں 

پارٹی کو کہتاہوں کہ علی امین گنڈاپور کو انڈر مائن نہ کریں ، میں علی امین گنڈاپور کے ساتھ کھڑا ہوں ، مکمل بیک اپ کر رہا ہوں ، پوری پارٹی کو کہتا ہوں یہ وقت اختلافات کا نہیں ، جولوگ علی امین کے خلاف سازشیں کر رہے ہیں وہ بعد میں نہ کہیں کہ ٹکٹ نہیں ملا ، ہمارے لوگ پیسے لگا کر نہیں پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر جیتے ، جو سازش کر رہے ہیں انہیں کہتا ہوں پھر نہ کہنا ٹکٹ نہیں ملا ، پھر اگلی مرتبہ ٹکٹ نہیں دوں گا۔

ادھر نیب پراسیکیوٹر کی عدم دستیابی کے باعث نئے توشہ خانہ ریفرنس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور انکی اہلیہ بشریٰ بی بی کی درخواست ضمانت کی سماعت پیر تک ملتوی کر دی گئی، احتساب عدالت اسلام آباد کے جج ناصر جاوید رانا نے اڈیالہ جیل میں سماعت کی، دوران سماعت عمران خان اپنی نشست سے اٹھ کر نیب کے تفتیشی افسر کے پاس گئے اور غصے میں انگلی کا اشارہ کرتے ہوئے دھمکی دی کہ تمہارے بنائے ہوئے مقدمات کی وجہ سے میری بیوی جیل میں ہے باہرنکل کرتمہیں اور چیئرمین نیب کونہیں چھوڑوں گا ، رہا ہوتے ہی تم دونوں کومیں عدالت لے جاؤں گا۔  

اہم خبریں سے مزید