کوئٹہ ( پ ر) پشتونخواملی عوامی پارٹی ضلع کوئٹہ کے بیان میں گورنمنٹ گرلز کالج کچلاک کے مسائل کے حل نہ ہونے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ محکمہ کی جانب سے تعلیم کے شعبے میں ہنگامی اقدامات کوعملی جامع پہنانے کی ضرورت ہے ۔ گورنمنٹ گرلز کالج کچلاک گنجان آبادی میں ایک ہی کالج ہے، جہاں بنیادی سہولیات تک میسر نہیں ، مذکورہ کالج میں غریب طالبات دور دراز علاقوں سے آتی ہیں ہیں لیکن پورے کالج کیلئے صرف ایک بس ہے،اسی طرح سٹاف کیلئے بھی ٹرانسپورٹ میسر نہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ کالج کیلئے مزید بس اور سٹاف کیلئے وین کا بندوبست کیا جائے اور یہ ڈائریکٹریکٹ کالجز کی ذمہ داریوں میں شامل ہے۔ بیان میں کہا گیاکہ کالج کی چار دیواری کی مرمت ،اسے اونچا کرنے اور سیکورٹی کے پیش نظر خاردار تار اور سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب ضروری ہے ۔ بیان میں کہا گیا کہ کالج ایسے مقام پر واقع ہے جہاں پر معمولی بارش کے بعد پانی کالج میں داخل ہوجاتا ہے اور کئی کئی روز تک جمع رہتا ہے جس کیلئے سیوریج کی ضرورت ہے۔ کالج میں تدریسی سٹاف خصوصاً زولوجی ، باٹنی ، فزکس، اسلامیات ، پشتو، پاک سٹڈیز کے مضامین کے اساتذہ نہیں ۔ بیان میں مطالبہ کیا گیا کہ گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج کچلاک میں ہر شعبے میں بنیادی مسائل کے حل اور سہولیات وضرویارت کی فراہمی کو ہنگامی بنیادوں پر یقینی بنایا جائے۔