اسلام آباد (رپورٹ:حنیف خالد)چینی سفیر جیانگ زیڈونگ نے کہا ہے کہ چینی کمپنیاں CPEC کے علاوہ بھی توانائی شعبے میں حصہ ڈالیں،چینی سفیر کاکراچی نیوکلیئر پاور پلانٹسK-2 ‘K-3 کا دورہ‘ توانائی کمپلیکس کے سکیورٹی انتظامات کی تعریف ،چینی سفیر جیانگ زیڈونگ نے کراچی نیوکلیئر پاور پلانٹس K-2اور K-3کا دورہ کیا۔ وہ پہلے چینی سفیر ہیں جنہوں نے پاکستان میں آپریشنل جوہری بجلی پلانٹس کا دورہ کیا۔ اس سے قبل نومبر 2013ء میں چینی سفارتکار سن وی ڈونگ جو اس وقت بھی پاکستان میں چین کے سفیر تھے نے ساحل سمندر کے پیراڈائز پوائنٹ کراچی میں چینی ڈیزائن کردہ جوہری توانائی مراکز کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب میں شرکت کی تھی۔ پاکستان اٹامک انرجی کمیشن نے چینی سفیر کو K2 ، K3 جوہری توانائی پراجیکٹس کے بارے میں بریفنگ دی جو بالترتیب مئی 2021ء اور اپریل 2022ء سے مجموعی طور پر 2200 میگاواٹ صاف اور سستی توانائی پیدا کر رہے ہیں۔ اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے چینی سفیر نے ان منصوبوں کی تکمیل پر چینی پاور کمپنی اور پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کے ماہرین کے اشتراک کو سراہا۔ انہوں نے کراچی جوہری توانائی کمپلیکس میں تعینات چینیوں کے لئے بہترین سکیورٹی انتظامات کو سراہا اور چیئرمین پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کا شکریہ ادا کیا۔