لاہور(این این آئی)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ میں بانی پی ٹی آئی اور سابق وزیر اعظم عمران خان کی کور کابینہ میں تھا، ان سے پوچھیں کہ ان کی کور کابینہ سے میرے علاوہ ان کے ساتھ کون کھڑا ہے، موجودہ حکمرانوں کو کہتا ہوں کہ آج ہم دھوپ میں ہیں، کل آپ دھوپ میں ہو سکتے ہیں، پاکستان کے وکلا کو اس پر غور کرنا چاہیے۔سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے 9 مئی 2023 سے متعلق مقدمات میں انسداد دہشتگری عدالت لاہور میں پیشی کے دوران صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کا جو کارکن پارٹی کے نظریے کے ساتھ کھڑا ہے، وہ جلسہ گاہ میں پہنچے ، 8 فروری کو آپ نے تمام مشکلات کے باوجود صحیح فیصلے لیے تھے۔صحافی نے سوال کیا کہ جوڈیشل پیکج اور ججز کی تعداد بڑھانے سے متعلق بل آرہا، اس پر شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ان بلوں کے ذریعے پارلیمنٹ کو بلڈوز کرنے کی کوشش کی گئی، کم از کم عوام کے سامنے بل کے دونوں پہلوؤں تو سامنے آتے، ہماری درخواست ہے کہ عدلیہ کی آزادی کو کمزور نہ کریں۔ اس سوال پر کہ پرویز الٰہی کو پی ٹی آئی کا صدر بنایا گیا مگر وہ خاموش ہیں، شاہ محمود قریشی نے جواب دیا کہ اڈیالہ میں اور وہ اکٹھے تھے، ان کی طبیعت واقعی خراب تھی۔