کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) وزیراعظم کی ہدایات پر دو سال گذرنےکے باوجود اداروں کی ٹیموں کی بحالی کے حوالے سے مثبت پیش رفت سامنے نہیں آسکی، وفاقی وزارت بین الصوبائی رابطہ اداروں میں کھیلوں کے شعبے اور ٹیموں کی بحالی میں عملی اقدامات کرنے میں تاحال ناکام نظر آرہی ہے، وزیر اعظم نے پی ڈی ایم حکومت کے دور میں ٹیموں کی بحالی کے احکامات جاری کئے تھے، جبکہ فروری کے انتخابات کے بعد بھی وزیر اعظم شہباز شریف نے فوری طور پر اس حوالے سے اقدامات پر زور دیا تھا ۔ وفاقی سیکرٹری وزارت بین الصوبائی رابطہ ندیم ارشاد کیانی کی سربراہی میں عجلت میں بلائی گئی کانفرنس میں بھی اہم اداروں کے حکام شریک نہیں ہوئے۔ کانفرنس میں شریک ذرائع نے بتایا کہ کانفرنس صرف وقت کا ضیاع تھا کیونکہ وزیراعظم کی ہدایت کے باوجود متعدد ڈپارٹمنٹس فٹ بال، ہاکی، والی بال، باسکٹ بال، کرکٹ سمیت دیگر کھیلوں میں ٹیمیں بحال نہیں کر سکے ۔