کراچی (نیوز ڈیسک) ایران کے پیرالمپکس ایتھلیٹ صادق بیت سیاح کو پیرس میں ایف 41 جیولن تھرو میں ریکارڈ قائم کرنے کے بعد قوائد و ضوابط کی خلاف ورزی پر میڈل سے محروم کیا گیا ہے،ان کی جگہ انڈیا کے نودیپ سنگھ کو طلائی تمغے سے نوازا گیا جو کہ ایران کے ایتھلیٹ سے پیچھے اور دوسری پوزیشن پر تھے، انہیں حضرت ام البنین کے نام کا پرچم لہرانے پر تمغے سے محروم کیا گیا ۔بیت سیاح نے 47.64میٹر دور جیولن پھینک کر نیا اولمپک ریکارڈ قائم کیا تھا جبکہ انڈیا کے نودیپ نے اپنی آج تک کی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور دوسرے نمبر پر رہے۔ بیت سیاح کو ڈس کوالیفائی کرنے کی کہانی کچھ کچھ انڈین پہلوان وینیش پھوگاٹ جیسی نکلی جو 100 گرام وزن کی وجہ سے ڈس کوالیفائی ہوئی تھیں۔بہر حال سوشل میڈیا پر جہاں ʼپیرالمپکسʼ ٹرینڈ کر رہا ہے وہیں ʼنودیپ سنگھʼ،ʼبیت سیاحʼ اور ʼجیولن تھروʼ جیسے ہیش ٹیگز بھی ٹرینڈ کر رہے ہیں۔ایران میں کھیلوں کے شائقین نے بیت سیاح کو طلائی میڈل سے محروم کرنے پر مایوسی ظاہر کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ایران کیساتھ ناانصافی ہوئی ہے، ورنہ وہ اس میڈل کی بدولت میڈل ٹیبل میں انڈیا سے آگے ہوتے۔ خبر رساں ادارے ارنا کے مطابق ایران کے پیرالمپکس ایسوسی ایشن کے سربراہ علی اصغر ہادی زادہ نے کہا: ’میچ کے اختتام پر ان کے چیمپیئن بننے کے اعلان کے بعد انہوں نے کوچ اور سپروائزر کے علم میں لائے بغیر اپنے سپورٹس بیگ سے ایک پرچم نکالا جس کی وجہ سے انھیں دوسرا پیلا کارڈ دیا گيا۔‘ان مقابلوں کے دوران مذہبی یا سیاسی اظہار کو قوائد و ضوابط کی خلاف ورزی سمجھا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’ہم نے فوری طور پر اپنے سرکاری احتجاج کا اعلان کیا اور منتظمین نے ہمیں ویڈیوز دکھائیں۔ ہم نے اس کا جواز پیش کرنیکی کوشش کی لیکن اسے قبول نہیں کیا گیا اور ہمارا احتجاج مسترد کر دیا گیا۔