کراچی(اسٹاف رپورٹر) معروف ڈائریکٹر و پروڈیوسر اطہر وقار عظیم حرکت قلب بند ہونے سے اتوار کو کراچی میں انتقال کرگئے،ان کی تدفین منگل کو کراچی میں ہوگی ،اطہر وقار عظیم ٹی وی پر کرنٹ افیئرز کے ڈائریکٹر اور کراچی سینٹر کے جنرل منیجر بھی رہے، 50سالہ پیشہوارانہ کیرئیر میں انہوں نے کئی سربراہان مملکت، وزرائے اعظم اور کھیلوں کیساتھ شوبزنس کے پروگرام بھی پروڈیوس کئے،اطہر وقار عظیم نے دلیپ کمار جیسے سپر اسٹارز کے انٹرویوز پروڈیوس کیے، شارجہ کے وہ تاریخی میچ جس میں جاوید میانداد نے بھارت کے خلاف تاریخی چھکا لگایا تھا پاکستان ٹیلی ویژن کے لئے اطہر وقار عظیم نے پروڈیوس کیا۔اطہر وقار عظیم نے 1987میں ورلڈ کپ کی کوریج بھی کی، اطہر وقار عظیم ٹی وی پروڈیوسر کے ساتھ ساتھ ایک بہترین گلوکار بھی تھے۔ اطہر وقار عظیم پروفیسر سید وقار عظیم کے بیٹے اور سابق ایم ڈی پی ٹی وی اختر وقار عظیم کے چھوٹے بھائی تھے، اطہر وقار عظیم نے پسماندگان میں ایک بیٹا چھوڑا ہے جو ان کے انتقال ے وقت لندن میں مقیم تھے ان کی لندن سے واپسی پر منگل کو اطہر وقار عظیم کی تدفین ہوگی ،خاندانی ذرائع کا کہنا ہےکہ اطہر وقار عظیم طویل عرصہ سے عرضہ قلب میں مبتلا تھا اور اس سلسلہ میں وہ باقاعدگی کے ساتھ اپنا معائنہ بھی کرواتے رہتے، اتوار کو اچانک حرکت قلب بند ہونے سے انکی موت واقع ہوئی ۔صدر آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی محمد احمد شاہ نے پاکستان کے معروف پروڈیوسر اور ڈائریکٹر اطہر وقار عظیم کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اطہر وقار عظیم نے اپنے پچاس سالہ پیشہ ورانہ کرئیر میں اسپورٹس جرنلزم میں اپنا لوہا منوایاان کا خلاء کھبی پر نہیں ہو سکتا۔اطہر وقار عظیم آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے وائس پریذیڈنٹ بھی رہے،انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو اپنے جوار رحمت میں اعلیٰ مقام اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔