پشاور (جنگ نیوز) ایس ای پیسکو خیبر سرکل حبیب اللہ مروت نے گزشتہ روز انڈسٹریلسٹس ایسوسی ایشن پشاور (آئی اے پی) کے دفتر کا دورہ کیا اور ایسوسی ایشن کی کابینہ کے ساتھ اجلاس میں شرکت کی جس میں حیات آباد انڈسٹریل اسٹیٹ کے فیڈر کے مسئلے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ صدر آئی اے پی ایوب زکوڑ ی، سینئر نائب صدر حارث مفتی، نائب صدر فرہاد اسفندیار، ایگزیکٹو ممبر سجاد ظہیر، ایکسین پیسکو خیبر سرکل رحمان اللہ، ایس ڈی او پیسکو نقیب اللہ وزیر، لائن سپرنٹنڈنٹ نثار خان اور سیکرٹری آئی اے پی وسیع اللہ نے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس کا بنیادی مقصد حیات آباد انڈسٹریل اسٹیٹ کے فیڈر ٹرپنگ کے مسئلے کو حل کرنا تھا۔اس موقع پر ایس ای پیسکو نے ایس ڈی او کو لائن کے ساتھ ناقص کنڈکٹرز کو تبدیل کرنے اور تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے ایکسین پیسکو کو بھی لائن کے ساتھ ایک بیس سٹیشن قائم کرنے کی ہدایت کی تاکہ فالٹس کے دوران تمام فیکٹریوں کو متاثر ہونے سے بچایا جا سکے۔اجلاس میں بتایا گیا کہ انڈسٹریل اسٹیٹ فیڈر کو مناسب انداز میں منظم کرنے کی سابقہ تجویز پیسکو ہیڈ آفس کو بھجوائی گئی تھی لیکن ابھی تک اس پر عمل نہیں ہوا۔، اس لئے ایس ای پیسکو فیڈر کی اوور لوڈنگ کے مسئلے کو حل کرنے کے لئے دوبارہ تجویز ہیڈ آفس میں پیش کریں گے۔