دفاتر، کافی شاپس، ریسٹورنٹس اور ہوٹلوں میں پالتو جانوروں کی موجودگی آج کل معمولی بات ہے لیکن جاپان کی ایک کمپنی نے بلیوں کو باقاعدہ کمپنی میں اعلیٰ عہدوں پر ملازمت دی ہوئی ہے جو کہ یقیناً ایک حیران کن بات ہے۔
غیر ملکی میڈیا کی ایک رپورٹ کے مطابق جاپان کی ایک کمپنی’کیو نوٹ‘ میں بلیاں اعلیٰ عہدوں پر فائز ہیں۔
اس کمپنی نے 2004ء میں سوشی ریسٹورنٹ سے ایک بلی کو گود لیا تھا اور آب اس کمپنی میں 10 بلیاں ملازم ہیں جو آفس میں ہی رہتی ہیں اور ان بلیوں کو آفس میں رکھنے کے لیے کمپنی میں خصوصی انتظامات بھی کیے گئے ہیں۔
اس کمپنی میں بلیوں کے علاوہ 32 انسان بھی ملازمت کرتے ہیں جنہیں ان بلیوں کی آفس میں موجودگی پسند ہے۔
جب 2020ء میں یہ کمپنی ایک بڑی 4 منزلہ عمارت میں منتقل ہوئی تو کمپنی کی انتظامیہ نے بلیوں کے لیے جگہ کو آرام دہ بنانے کے لیے پوری کوشش کی، یہاں تک کہ عمارت کی دوسری اور تیسری منزل میں بلیوں کے لیے خصوصی طور پر کافی ساری تبدیلیاں کی گئیں۔
اس کمپنی کے آفس میں بلیوں کے لیے 12 باتھ روم اور کیٹ شیلف بنائے گئے ہیں اور دیواروں پر ایسا پینٹ کیا گیا ہے جو بلیوں کے پنجے مارنے سے خراب نہ ہو۔
بلیوں کو کمپنی میں بطور پالتو جانور نہیں رکھا گیا بلکہ انہیں باقاعدہ اعلیٰ عہدوں پر ملازمت بھی دی ہوئی ہے۔
کمپنی میں جن اعلیٰ عہدوں پر یہ بلیاں فائز ہیں وہ جیسے کہ چیف کلرک، منیجر، آڈیٹر یہاں تک کہ 20 سالہ فوتابا نامی بلی ’چیئر کیٹ‘ کے عہدے پر فائز ہے اور کمپنی کے باس نوبیوکی سوروتا سے بھی سینئر ہے۔
ابتدائی طور پر اس آفس میں 11 بلیاں تھیں لیکن ان میں سے ایک کا 2022ء میں انتقال ہو گیا تھا۔
ابھی ان 10 بلیوں میں سے 8 دفتر میں جبکہ 2 بلیاں ایک ملازم کے ساتھ اس کے گھر پر رہتی ہیں۔
یہ بلیاں کمپنی کے ملازمین کے آپس میں تعلقات کو بہتر بنانے میں مدد فراہم کرتی ہیں جبکہ ملازمین ان کے کھانے پینے اور صفائی کا خیال رکھتے ہیں۔