کراچی(اسٹاف رپورٹر)امیرجماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ ہم مشاورت کررہے ہیں پہلے ہم نے ملک گیر شٹر ڈاؤن ہڑ تال کی تھی، اب ہڑتال ایک نہیں بلکہ کئی ہڑتالیں ہوسکتی ہیں اورلانگ مارچ وپہیہ جام ہڑتال کے آپشنز بھی موجود ہیں،آئی پی پیز سے ہونے والے مذاکرات اور عوام دشمن و ظالمانہ معاہدوں کی تفصیلات عوام کے سامنے لائی جائیں،شہر کراچی کی صورتحال انتہائی تشویشناک ہے،پورا شہر کچرا زدہ بنا ہوا ہے،سڑکیں ٹوٹی پھوٹی ہیں،پیپلز پارٹی نے تمام اختیارات اپنے پاس مرتکز کئے ہوئے ہیں، بلدیاتی الیکشن میں جماعت اسلامی سب سے بڑی جماعت بن کر سامنے آئی تھی، لیکن پیپلز پارٹی نے الیکشن کمیشن کی ملی بھگت سے الیکشن پر قبضہ کرکے اپنا میئر بنالیا۔2015میں آخری مرتبہ پنجاب میں بلدیاتی الیکشن بھی کورٹ کے کہنے پر ہوئے تھے،کے پی،اسلام آباد، سندھ میں بھی کورٹ کے کہنے پر ہوئے تھے، ابھی اسلام آباد میں بھی حکومت نے ایکٹ کا بہانہ بناکر بلدیاتی الیکشن آگے بڑھا دیئے، جماعت اسلامی بلدیاتی حکومتوں کو بااختیار اور بلدیاتی انتخابات یقینی بنانے کے لیے پورے پاکستان کی بنیاد پر عدالتوں سے رجوع کرے گی۔ جماعت اسلامی کی ممبر سازی مہم جاری ہے وہ پیر کو ادارہ نورحق میں پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔