پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ سعدیہ امام نے انکشاف کیا ہےکہ ان کی شادی کا جوڑا تیاری کے وقت جل گیا تھا۔
سعدیہ امام نے حال ہی میں ایک نجی ٹی وی کے مارننگ شو میں بطور مہمان شرکت کی جہاں انہوں نے اپنی شادی کے جوڑے کی تیاری کے وقت پیش آنے والے حادثے کے بارے میں بتایا۔
اُنہوں نے بتایا کہ میں اس وقت کپڑوں کا کاروبار کرتی تھی اور اپنی شادی کا جوڑا بھی میں خود ہی بنوا رہی تھی تو جب کارخانے میں میری شادی کا جوڑا تیار ہو رہا تھا کہ اس دوران شاٹ سرکٹ ہوا اور پورا کارخانہ جل گیا تو میری شادی کا جوڑا بھی جل گیا۔
سعدیہ امام نے بتایا کہ میری شادی کا جوڑا میری امی کے پسندیدہ رنگ کا تھا، جب وہ جل گیا تو مجھے بہت دکھ ہوا۔
اُنہوں نے مزید بتایا کہ میں نے اپنی ایک کسٹمر کو بالکل ویسے ہی رنگ کا شادی کا جوڑا بنا کر دیا تھا اس لیے میں نے اس کسٹمر سے اس جوڑے کی تصویر مانگی جس پر اس نے مجھ سے کہا کہ آپ میرا جوڑا پہن لیں میری شادی آپ کی شادی کے بعد ہو گی۔
سعدیہ امام نے بتایا کہ میں نے اپنی شادی پر اپنی کسٹمر کی شادی کا جوڑا پہنا تھا اور بعد میں پھر ویسا ہی نیا جوڑا بنوا کر اسے دیا تھا۔