نئی دہلی (جنگ نیوز) بھارتی کرکٹ بورڈ کو آنکھیں دکھانے والے افغان کرکٹ بورڈ نے ڈر کے مارے آنکھیں ہی جھکاکر حیران کن یو ٹرن لے لیا۔ یہ یوٹرن بھارتی بورڈ سے بہتر تعلقات کیلئے نوئیڈا اسٹیڈیم کے حوالے سے لیا ہے۔ افغان بورڈ کے منیجر انٹرنیشنل کرکٹ منہاج الدین ناز کا کہنا ہے کہ ہم نے بنگلورو اور کانپور کے مقابلے میں نوئیڈا کا خود انتخاب کیا، لاجسٹک کی وجہ سے ہمارے لیے یہ سینٹر اچھا تھا۔ واضح رہے کہ نیوزی لینڈ اور افغانستان کے درمیان واحد ٹیسٹ میچ میں آؤٹ فیلڈ گیلی ہونے کی وجہ سے نوئیڈا میں تینوں دن کھیل نہ ہو سکا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق تعلقات خراب ہونے کے خدشے سے افغان بورڈ نے موقف بدل کر مستقبل میں نوئیڈا کے انتخاب کو مسترد کرنے کو غلط قرار دیا اور بھارتی بورڈ کے 2 وینیوز کے انکار کے الزامات بھی واپس لے لیے۔