• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان نے ایک سال کیلئے سعودی عرب سے 1.2؍ ارب ڈالر کے تیل کی سہولت مانگ لی

اسلام آباد (مہتاب حیدر) پاکستان نے ایک سال کیلئے مالیاتی خلاء پورا کرنے کی خاطر سعودی عرب سے 1.2؍ ارب ڈالر کے تیل کی سہولت مانگ لی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان نے سعودی عرب سے 1.2 ارب ڈالر کی سعودی آئل فیسلیٹی (SOF) فراہم کرنے کی درخواست کی ہے تاکہ موجودہ مالی سال کے لیے آئی ایم ایف کی جانب سے شناخت شدہ 2سے 2.5ارب ڈالر کے مالیاتی خلا کو پورا کیا جا سکے۔تاہم بدھ کے روز وزارت خزانہ کی جانب سے وزیر خزانہ اور سعودی سفیر کی ملاقات کے حوالے سے جاری کردہ سرکاری بیان میں اس بارے میں کچھ نہیں کہا گیا۔ سعودی عرب ریکو ڈیک منصوبے میں 15فیصد حصص حاصل کرنے کے لیے سرمایہ کاری کرنا چاہتا ہے، لیکن یہ معاملہ ابھی تک مکمل نہیں ہوا۔ پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان 7ارب ڈالر کے ایکسٹینڈڈ فنڈ فیسلیٹی (EFF) کے تحت ایک سٹاف لیول معاہدہ طے پایا تھا، لیکن اب تک اسلام آباد کو آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ کے سامنے قرض کی منظوری کے لیے پیش نہیں کیا گیا۔ سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان نے سعودی عرب سے 1.2ارب ڈالر کی سعودی آئل فیسلیٹی فراہم کرنے کی درخواست کی ہے جو اگلے 12ماہ کے لیے ہوگی۔ اسلام آباد نے اسلامک ڈیولپمنٹ بینک کے ITFC فیسلیٹی کے لیے بھی 400سے 500ملین ڈالر کی درخواست کی ہے۔ اس کے علاوہ، خلیجی ممالک کے کمرشل بینکوں اور اسٹینڈرڈ چارٹرڈ بینک سے1ارب ڈالر کا غیر ملکی قرض حاصل کرنے کی بھی درخواست کی جا رہی ہے۔

اہم خبریں سے مزید