نیویارک (عظیم ایم میاں) سانحہ ورلڈ ٹریڈ سینٹر کی برسی، ٹرمپ، کملا ہیرس ایک ہی صف میں نظر آئے، دونوں کا ایک دوسرے سے مصافحہ، انتخابی، نظریاتی اور ذاتی ناپسندیدگی کے باوجود بحرانی لمحات میں امریکی رہنماؤں کا ایک پلیٹ فارم پر اشتراک ، معاشی وسیاسی بحران میں پھنسے پاکستانی قائدین کیلئے بھی ٹرمپ اور کملا ہیرس کا اقدام مثال ۔امریکی صدارت کیلئے دونوں سیاسی پارٹیوں کے نامزد امیدوار ری پبلکن ڈونالڈ ٹرمپ اور ڈیموکریٹ کملا ہیریس ایک رات قبل 10؍ ستمبر کے عوامی میڈیا پر نشر ہونے والے مباحثہ میں آمنا سامنا کرتے ہوئے ایک دوسرے کی ذات، کارکردگی، پالیسیوں پر شدید تنقید کے علاوہ الزامات اور ایک دوسرے کوجھوٹا قرار دینے میں 90؍ منٹ تک مصروف رہے۔ اس سے قبل اور آئندہ نومبر تک دونوں کے درمیان مزید شدت کے ساتھ یہی صورتحال جاری رہنے کا یقینی امکان ہے۔ لیکن اگلے روز 11؍ ستمبر کو 23؍ سال قبل سانحہ ورلڈ ٹریڈ سینٹر کی برسی کے امریکی اجتماع میں دونوں صدارتی امیدوار جب نیویارک میں ورلڈ سینٹر پر شریک ہوئے تو اس قومی ٹریجڈی میں شرکت کیلئے کسی شرط یا مطالبہ کے بغیر دونوں ایک ہی صف میں ایک دوسرے کے قریب کھڑے تھے بلکہ کملا ہیریس نے جب آگے بڑھ کر ڈونالڈ ٹرمپ سے ہاتھ ملایا تو ڈونالڈ ٹرمپ نے کسی ہچکچاہٹ اور کوئی تنقیدی جملہ کہے بغیر کملا ہیریس سے ہاتھ ملایا۔