کراچی ( سہیل افضل ) کراچی چیمبر کے بر سر اقتدار گروپ نے اپنے اراکین سے کروڑوں کی لوٹ مار کی ہے ،کے سی سی آئی کے بائی لاز کے مطابق اراکین کی سالانہ تجدیدی فیس 1200 روپے ہے لیکن برسر اقتدار گروپ اپنے شاہانہ اخراجات کے لئے 5 ہزار وصول کر رہا ہے ،اس طرح سالانہ 10 سے12 کروڑ سالانہ اضافی وصول کئے جا رہے ،یہ سلسلہ 8 سال سے جاری ہے ،ایک محتاط تخمینے کے مطابق برسر اقتدار گروپ 8 سال میں ایک ارب روپے لوٹ چکا ہے ، ان خیالات کا اظہار کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (کے سی سی آئی)کے انتخابات برائے2024-26 میں حصہ لینے والے بزنس مین الائنس (بی ایم اے) کے چیف کوآرڈینٹر آصف سخی نے جنگ سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ،انھوں نے کہا کہ چھوٹے تاجر جو کہ پہلے ہی ٹیکسوں کی بھر مار سے پریشان ہیں،کراچی چیمبر ان سے بوجھ کم کرانے کی بجائے اس میں اضافہ کر رہا ہے ،ایک سوال پر آصف سخی نے کہا کہ اضافی فیس وصولی کے لئے بائی لاز میں ترمیم ضروری ہے ،لیکن ابھی تک ایسی کوئی ترمیم نہیں کی گئی،بزنس مین الائنس (بی ایم اے) کے رہنمانے کہا کہ چھوٹے تاجروں کے مسائل بہت بڑھ گئے ہیں ،ٹیکس کے ساتھ بجلی اور دیگر یوٹیلٹی چارجز جیسے مسائل سے کاروباری لاگت بہت بڑھ چکی ہے ،بدقسمتی سے کراچی چیمبر میں بڑے صنعت کاروں کا قبضہ ہے وہ اپنی مراعات تو حاصل کرتے چلے آرہے ہیں لیکن چھوٹے تاجروں کے مسائل پر موثر آواز سامنے نہیں آتی۔