• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بندرگاہوں کو تجارت کے مراکز میں تبدیل کر رہے ہیں‘ اسحاق ڈار

اسلام آباد (رپورٹ:حنیف خالد) ڈپٹی وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان کی نیلی معیشت ملک کی ترقی اور استحکام کا اہم عنصر بننے کی صلاحیت رکھتی ہےبندرگاہوں کو تجارت کے مراکز میں تبدیل کر رہے ہیں بلیو معیشت ملکی ترقی اور استحکام کا اہم عنصر بننے کی صلاحیت کی حامل ہے ۔انہوں نے یہ بات یہاں منعقدہ بین الاقوامی سمندری کاروبار اور فنانس کانفرنس کے افتتاحی سیشن میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب میں کہی ۔ وفاقی وزیر برائے بحری امور قیصر احمد شیخ نے سپاسنانہ پیش کرتے ہوئے اپنی وزارت کی کار گزاری پر روشنی ڈالی اور وزارت کے مستقبل کے منصوبوں سے ڈپٹی وزیر اعظم اور ملکی و غیر ملکی سفیروں اور وفود کو آگاہ کیا۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان کا بلیو معیشت میں حصہ بڑھانے کے لئے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (SIFC) کے تحت جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے فریز اور جہاز توڑنے کی صنعت کو جدید بنانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔انہوں نے کانفرنس کو بتایا کہ حکومت نے مچھلی پروسیسنگ پلانٹس اور مچھلی کے بیج پر سیلز ٹیکس ختم کر دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ سمندر عالمی تجارت کا تقریباً 85فیصد حصہ سنبھالتے ہیں اور پائیدار ترقی کے ایجنڈے کو پورا کرنے میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ ایک سمندری قوم کے طور پر پاکستان بحیرہ عرب کو ایران افغانستان چین بھارت کے بعد اپنا پانچواں پڑوسی قرار دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی منفرد جیوپولیٹیکل اور جغرافیائی پوزیشن ساحلی سیاحت، سمندری حیاتیات ، بائیو ٹیکنالوجی، توانائی اور صحت کے مواقع پیش کرنے والے اقتصادی زونوں کے ساتھ تجارت کے لئے بہت زیادہ امکانات مہیا کرتی ہے۔
اہم خبریں سے مزید