• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کوئٹہ سے لاپتہ دونوں وکلا کو فوری منظر عام پر لایا جائے، کوئٹہ بار ایسوسی ایشن

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)کوئٹہ بار ایسوسی ایشن کے صدر قاری رحمت اللہ ایڈووکیٹ ، وکلاء تنظیموں کے رہنماوں راحب بلیدی ایڈووکیٹ ، میر عطاء اللہ لانگو ایڈووکیٹ نے کوئٹہ سے 2 وکلاء کو لاپتہ کرنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں فوری طور پر بازیاب کرکے منظر عام پر لایا جائے ، یہ بات انہوں نے جمعہ کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی ، اس موقع پر کوئٹہ بار کے جنرل سیکرٹری بلاول کھوسہ ایڈووکیٹ ، نائب صدر کوئٹہ حمیرہ منیر ایڈووکیٹ ، نائب صدر سریاب ملک تنویر اسلم شاہوانی ایڈووکیٹ ، نائب صدر کچلاک سید نصیب اللہ آغا ایڈووکیٹ ، جوائنٹ سیکرٹری خالد ناصر ایڈووکیٹ ، فنانس سیکرٹری اصغر مندوخیل ایڈووکیٹ ، لائبریری سیکرٹری کامران بنگلزئی ایڈووکیٹ سمیت دیگر بھی موجود تھے ۔ انہوں نے کہا کہ صلاح الدین مینگل ایڈووکیٹ سکنہ واشک ناگ اور فدا احمد ایڈووکیٹ سکنہ تربت کو کوئٹہ کے علاقے گولیمار چوک اور اے ون سٹی سے جبری طور پر لاپتہ کردیا گیا ہے جس کی الفاظ میں مذمت کرتے ہیں ، وکلاء کو لاپتہ کرنے کے خلاف جمعہ کو عدالتوں کا مکمل بائیکاٹ کیا گیا ۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وکلا کے خلاف بے بنیاد مقدمات درج کرنے اور ان کو جبری طور پر لاپتہ کئے جانے کے واقعات کا نوٹس لیا جائے ، وکلاء کی گمشدگی کسی صورت قبول نہیں کریں گے وکلا کے ساتھ زیادتی کے خلاف احتجاج کریں گے اگر اتوار تک وکلا کو چھوڑا نہ گیا تو وکلاء کی تمام تنظیمیں سخت لائحہ عمل طے کریں گی ۔
کوئٹہ سے مزید