• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سیاستدان معاشی فریم ورک بنائیں، غیرمعقول ٹیکس، آئی پی پیز مسائل کی اصل وجہ، امیر جماعت اسلامی

اسلام آباد( جنگ نیوز)امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ ملک اس وقت نازک دور سے گزر رہا ہے اور ہمیں متحد ہو کر اسے اس بحران سے نکالنا ہے۔ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں پاکستان کے معاشی مسائل اور ان کا حل کے عنوان سےتقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سیاست دانوں کو مل بیٹھ کر ملک کی معاشی بہتری جامع فریم ورک تیار کرنا چاہیے۔ انہوں نے غیر معقول ٹیکسوں اور آئی پی پیز کو تمام مسائل کی اصل وجہ قرار دیتے ہوئے ٹیکس نیٹ کو حقیقی بنیادوں پر وسیع کرنے اور آئی پی پیز کے فرانزک آڈٹ کا مطالبہ کیا ۔انہوں نے سوال کیا کہ اگر ریکوڈک کا مسئلہ حل ہو سکتا ہے تو آئی پی پیز کیوں نہیں۔اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے کہا کہ حکومت کو ملکی معیشت سے متعلق فیصلے کرنے سے پہلے تاجر برادری اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کو ساتھ لے کر چلنا چاہیے۔ یونائیٹڈ بزنس گروپ کے سیکرٹری جنرل ظفر بختاوری نےکہا کہ بعض طاقتوں نے ملک کے پاور سیکٹر پر اجارہ داری قائم کرکے جان بوجھ کر ہماری معیشت کو انتہائی نگہداشت کے یونٹ میں ڈال دیا ہے تاکہ ہم ترقی کرنے سے قاصر ہوں۔ صدر آل پاکستان انجمن تاجران کاشف چوہدری نے حکومت پر زور دیا کہ وہ تاجر برادری کو یکساں مواقع فراہم کرے۔اس موقع پر سابق صدر آئی سی سی آئی اعجاز عباسی، جماعت اسلامی کے نائب امیر میاں اسلم، امیر اسلام آباد نصراللہ رندھاوا، امتیاز عباسی، بابر چوہدری، سید عمران بھی موجود تھے۔
اسلام آباد سے مزید