اسلام آباد(صباح نیوز) ماہرین نے واضح کیا ہے کہ حالیہ امریکی پابندیوں کے نتیجے میں پاکستان کے میزائل ٹیکنالوجی پروگرام پر کوئی اثر نہیں پڑیگا۔ امریکی پابندیوں کا نشانہ بننے والا بلیسٹک میزائل شاہین تھری اور ابابیل پاکستان کے میزائل ہتھیاروں میں یہ سب سے بہترین صلاحتیوں والے میزائل ہیں امریکی تویش کی وجہ بھی یہی ہے۔
برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق پاکستان کا وہ میزائل پروگرام جس کا تذکرہ امریکی خارجہ کے اعلامیے میں کیا گیا اس میں میڈیم رینج یا درمیانی فاصلے تک مار کرنے والے بلیسٹک میزائل شاہین تھری اور ابابیل شامل ہیں جو ملٹیپل ری انٹر وہیکل یا ایم آر وی میزائل کہلاتے ہیں۔
ماہرین کا ماننا ہے کہ پاکستان کے میزائل ہتھیاروں میں یہ سب سے بہترین صلاحتیوں والے میزائل ہیں۔
آسٹریلیا میں کینبرا کی نیشنل یونیورسٹی میں سٹریٹیجک اور ڈیفینس سٹڈیز کے پروفیسر ڈاکٹر منصور احمد کے مطابق یہ جنوبی ایشیا میں پہلا ایسا میزائل ہے جو 2200 کلومیٹر کے فاصلے تک متعدد وار ہیڈز یا جوہری ہتھیار لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے اور مختلف اہداف کو نشانہ بنا سکتا ہے۔