کراچی (شکیل یامین کانگا/ اسٹاف رپورٹر) پاکستانی فٹبال ٹیم کی ساف انڈر 17 چیمپئن شپ میں شرکت کا معاملہ حل ہونے کی امید پیداہوگئی۔ امکان ہے کہ پیر کی صبح این او سی مل جائے گا جس کے بعد ٹیم فوری بھوٹان روانہ ہوجائے گی۔ بھوٹان کے شہر تھمپو میں ایونٹ کا آغاز 20 ستمبر سے ہونا ہے ۔ ذرائع کے مطابق ٹیم کی روانگی کیلئے آئی پی سی نے کلیئرنس دیدی ہے، پی ایس بی اور فارن افیئر پیرصبح این او سی جاری کردیں گے جس کے بعد ویزوں کا اجراء ہوجائے گا ۔ 23 رکنی قومی جونیئرٹیم کے کپتان اور ان کے نائب کا اعلان پہلے میچ سے قبل ہوگا ، چیمپئن شپ میں گروپ اے میں شامل پاکستان اپنا پہلا میچ 21 ستمبر کونیپال ، دوسرا 23 ستمبر کو میزبان بھوٹان جبکہ تیسراسری لنکا سے کھیلے گی۔